• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمٰن کو فوری رہا کیا جائے، ایمینڈ


ایسوسی ایشن آف الیکٹرونک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے جنگ گروپ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی مذمت کی ہے اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک بیان میں ایسوسی ایشن نے کہا کہ یہ گرفتاری ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان میں میڈیا کی آزادی پہلے ہی دباؤ میں ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق اس دباؤ سے متعلق ملکی و غیر ملکی میڈیا تنظیموں کے سروے اور بیانات نمایاں طور پر سامنے آ چکے ہیں۔

ایسوسی ایشن نے کہا کہ نیب کی طرف سے جائیداد کی خریداری سے متعلق کیس میں میر شکیل الرحمٰن کی حراست کی گئی ہے۔ یہ جائیداد انہوں نے 34 سال پہلے ایک پرائیویٹ پارٹی سے خریدی تھی۔ یہ حراست شکایت کی تصدیق کے مرحلے پر ہی کی گئی ہے جو غیر معمولی ہے اور اس کی نظیر نہیں ملتی اور اس عمل میں شفافیت کا فقدان ہے۔

ایسوسی ایشن نے نیب سے مطالبہ کیا کہ وہ یہ بات یقینی بنائے کہ اس کی تفتیش شفاف اور غیر جانب دارانہ ہو، قانون کے دائرے کے اندر ہو اور اس میں ملزم کے انسانی حقوق کو یقینی بنایا جائے۔

ایسوسی ایشن نے جیو اور تمام میڈیا ہاوسز پر زور دیا کہ جب بھی ضروری ہو وہ قانونی انوسٹی گیشن اور تحقیقات کے لیے تعاون جاری رکھیں۔

تازہ ترین