• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میاں غنڈی، رہائشی علاقے میں قرنطینہ کے قیام کیخلاف احتجاج، شاہراہ بلاک

کوئٹہ(آئی این پی ) میاں غنڈی کے قریب کراچی کوئٹہ نیشنل ہائی وے پر اہلیان علاقہ نے میاں غندی کے قریب آئیسولیشن سینٹر کے قیام اور علاقے میں گیس پریشر میں کمی کے خلاف سونا خان تھانے کے قریب شاہراہ بلاک کرکے 5گھنٹے تک دھرنا دیا اور شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا جس کے باعث دونوں جانب سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ دھرنے کے شرکاء سے بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری ، ضلعی قائمقام صدر ملک محی الدین لہڑی ، ضلعی نائب صدر طاہر شاہوانی ایڈووکیٹ ، ضلعی لیبر سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی ، سابق یونین کونسل کے چیئرمین میر قاسم پرکانی ، جمعیت کے قاری رحمت اللہ ، علاقے کے قبائلی رہنماء تاج محمد بڑیچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے کورونا وائرس سے پیشگی بچاؤ کے لئے ایران سے آنے والے زائرین و دیگر افراد کے لئے میاں غنڈی کے علاقے میں خیمہ بستی اور آئیسولیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں ایران کے ان علاقوں سے آنے والے زائرین کو رکھا گیا ہے جہاں نول کورونا وائرس کی وباء پھیلی ہے، جس کے باعث وباء پورے علاقے میں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوچکا ہے ،مقامی لوگ بے چینی اور اضطراب کا شکار ہیںمقررین نے کہاکہ بلوچستان پہلے ہی پسماندہ اور غربت کا شکار ہے، حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام محرومیوں کے شکار ہیں ، حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کوئی واضح پالیسی موجود نہیں ، حکومتی کارکردگی صرف اخباری بیانات کی حد تک محدود ہے۔ دوسری جانب اس شدید سردی میں میاں غنڈی ، گوہر آباد ، بڑیچ ٹاؤن ، لعل آباد ، ہزار گنجی ، زہری ٹاؤن وملحقہ علاقے کے عوام گیس پریشر میں کمی کے باعث تڑپ رہے ہیں، آئے روز گیس پریشر میںکمی کے خلاف خواتین ، بوڑھے ، بچے احتجاج کرتے ہیں جو قابل افسوس ہے ۔ احتجاج کے باعث 5گھنٹے تک قومی شاہراہ بند رہی ۔ اس موقع پر میر کہاول خان مری ، ڈاکٹر محمد ابراہیم بنگلزئی ، بسم اللہ بلوچ ، ملک شیرین لہڑی ، دوست جان بلوچ ، سکندر پرکانی سمیت علاقے کے معتبرین ، سیاسی عمائدین موجود تھے ۔
تازہ ترین