• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی زبان سیکھنا کسی بھی انسان کے لیےبے حد کار آمد ہوتا ہے اور یہ عمل زندگی میں ہمیشہ کام آتا ہے۔ چاہے آپ طالب علم ہوں یا پھر کسی ادارے میں ملازم، ایک سے زائد زبانوں پر عبور آپ کی پوزیشن کو مستحکم کرسکتا ہے۔ ایک نئی زبان سیکھنے کے بے شمار فوائد ہیں، جن میں سے چند کا ذکر ذیل میں کیا جارہا ہے۔

٭ مختلف مطالعوں سے ثابت ہے کہ ایک نئی زبان سیکھنا انسان کی ذہنی صلاحیتوں پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے ۔

٭ ایک سے زائد زبانوں کا علم رکھنے والے افراد کا مستقبل عام افراد کے مقابلے زیادہ روشن تصور کیا جاتا ہے۔ مقامی و بین الاقوامی کمپنیاں بھی ملازمتوں کے لیے پہلے ان درخواست گزاروں کو فوقیت دیتی ہیں، جوایک سے زائد زبانوں پر عبور رکھتے ہوں ۔

٭ بیرون ملک سفرکے دوران ایک سے زائد زبانوں پر دسترس آپ کےبہت زیادہ کام آتی ہے۔

٭ زبان دو انسانوں ہی نہیں بلکہ دو تہذیبوں اور قوموں کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔ جب ہمارا مختلف زبانوں اور تہذیب سے تعلق رکھنے والے افراد سے واسطہ پڑتا ہے تو کوئی ایسی زبان ہی ہمکلام ہونے کا ذریعہ بنتی ہے، جو دونوں کو آتی ہو۔

تیزی سے کیسے سیکھا جائے؟

کسی دوسری زبان کو سیکھنا مختلف ہی نہیں پیچیدہ بھی ہوتا ہے۔ سیکھنے کے عمل کو تیز اور آسان بنانے کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ اسے کتنا وقت دیتے ہیں اور سیکھنے کے لیے کیا حکمت عملی بناتے ہیں۔ ذیل میں کسی زبان کو سیکھنے کے لیے مختلف اصول پیش کیے جارہے ہیں جو کم وقت میں نئی زبان سیکھنے میں معاون ہوں گے۔

ٹیوٹر کی مدد

کسی نئی زبان کو سیکھنے کے لیے یہ پہلا قدم تصور کیا جاتا ہےکیونکہ کوئی بھی نیا کام کسی ماہر، تجربے کار یا پیشہ ورا فراد کی مدد کے بغیر نہیں کیا جاسکتا۔ کسی ٹیوٹر کی خدمات حاصل کریں یا کہیں لینگویج سیکھنے کے لیے داخلہ لیں۔ ایک ٹیوٹر آپ کی کم وقت میں درست رہنمائی کرسکتا ہے۔ آپ کسی انسٹیٹیوٹ میں بھی داخلہ لے سکتے ہیں جہاں زبان سیکھنے کے ساتھ ساتھ آپ اسے بولنے میں بھی اعتماد حاصل کرپائیں گے۔

عملی سوچ اپنائیں

شروع میں آپ کو محسوس ہوگا کہ جلد از جلد آپ نئی زبان سیکھ لیںگے لیکن عملاًایسا ممکن نہیںکیونکہ کسی زبان کو سیکھنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔ یہ وقت کٹھن بھی ہوسکتا ہے، تاہم ایسی صورت میں آپ کا پرعزم ہونا ضروری ہے۔

وجوہات کی تلاش

سب سے پہلےخود سے یہ سوال کریں کہ آپ کوئی بھی زبان کیوں سیکھنا چاہتے ہیں؟ نوکری کے حصول کے لیے، صلاحیتوں کے فروغ کے لیے یا پھر کسی اور مقصد کے تحت۔ وجہ جاننے سے آپ توجہ مرکوز کرنے کے قابل ہوجائیں گے مثلاً اگر آپ کسی امتحان میں کامیابی کی غرض سےکوئی نئی زبان سیکھنے پر غور کررہے ہیں تو نہ صرف زبانی بلکہ تحریری صلاحیتوں کو بھی بہتر بنانے پر غور کریں۔

سیکھنے کے مراحل کی تقسیم

جب آپ نئی زبان سیکھنے کی وجہ جان لیں تو ضروری ہے کہ آپ اس سیکھنے کے عمل کو دو حصوں میں تقسیم کریں۔اس تصور کو سمجھنے کے لیے سادہ سی مثال لیں کہ اگر کوئی شخص پوائنٹAپر کھڑا ہے لیکن اس کی منزل پوائنٹ E ہے تو اسے بالترتیب پوائنٹ B,C,Dسے گزرنا پڑے گا لیکن اگر وہ شخص ان پوائنٹس سے گزرے بنا ہی براہ راست پوائنٹ Eتک پہنچنے کی کوشش کرتا ہے تو راستے میں ہی گم ہوجائے گا۔ ایسی صورت میں منزل کی تلاش ہی آپ کا بہت سا وقت ضائع کردے گی۔

بچوں کی طرح سیکھیں

ایک مقبول نظریہ ہے کہ بالغ افراد کے مقابلے میں بچوں کے اندر سیکھنے کی دگنی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ کسی بھی زبان کو سیکھنے کے لیے بچپن زیادہ بہتر سمجھا جاتا ہے کیونکہ بچے بہتر ادراک کے حامل ہوتے ہیں۔ آپ کو چاہیے کہ کوئی بھی نئی زبان سیکھتے وقت بچوں کے سیکھنے کا انداز اپنائیں۔ بچوں پر غور کریں گے تو آپ کو پتہ چلے گا کہ وہ سیکھنے کے دوران پیش آنےوالی مشکلات بلاخوف بتاتے ہیں۔ یہی نہیں، وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہاربھی کھل کر کرتے ہیں، اس کے برعکس بالغ افراد ایسا نہیں کرپاتے۔

مشق کریں

کوئی بھی چیز سیکھنے کیلئے سب سے زیادہ ضروری کام مشق کرنا ہے۔ آپ جتنی زیادہ مشق کریں گے اتنا ہی زیادہ سیکھیں گے۔ ایک عالمگیر قانون ہے کہ کسی بھی چیز کی مشق اس وقت تک کی جانی چاہیے جب تک اس پر کمال حاصل نہ ہوجائے۔ لہٰذا آپ جو زبان سیکھ رہے ہیں، اس کی مشق کرنا شروع کردیں۔

تازہ ترین