• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا کا کورونا کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ

آسٹریلیا کا کورونا کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ


آسٹریلیا نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، پہلے مرحلے میں اسے جانوروں پر آزمایا جائے گا۔

آسٹریلوی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرلی ہے لیکن اس کی طبی آزمائش میں چند مہینے درکار ہیں جس کے بعد یہ رواں سال کے آخر تک دستیاب ہوسکے گی۔

ایس اسپائک نامی ویکسین کوئنز لینڈ یونیورسٹی کے تین سائنسدانوں نے تیار کی ہے، آزمائشی مرحلے میں چوہوں پر آزمایا جارہا ہے، اگلے مرحلے میں انسانوں پر آزمایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا وائرس، ٹرمپ کی آج یومِ دعا منانے کی اپیل

ماہرین کا کہنا ہےکہ ویکسین کی تیاری پر 20 سے 30 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی جبکہ بڑے پیمانے پر اس کی پیداوار چیلنج ہوگا۔

دوسری طرف انٹر نیٹ کی دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل امریکی حکومت کے ساتھ مل کر کورونا وائرس سے متعلق ایک ویب سائٹ تیار کر رہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وائٹ ہاؤس گوگل کے اشتراک سے ایک ویب سائٹ بنا رہا ہے جس سے لوگوں کو کورونا وائرس کے متعلق رہنمائی اور ٹیسٹ کے حوالے سے سہولت میسر ہو گی۔

امریکا میں کورونا مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، امریکا کی اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں میں سے ایک جان ہاپکنز کے میڈیکل پروفیسر ڈاکٹر مارٹی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ ملک میں مریضوں کی جو تعداد آپ کے سامنے آرہی ہے اس پر یقین نہ کریں، امریکا میں 16سو کیسز تو ایسے ہیں جن میں بیماری کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

ڈاکٹر مارٹی کے مطابق ہر بیمار شخص سے وائرس 25 سے 50 افراد میں پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے، اس لیے امریکا میں کورونا کے کیسز کی تعداد 50 ہزار سے 5 لاکھ ہوسکتی ہے۔

انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ کورونا کی بیماری کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے کیونکہ پولیو کے بعد کورونا دنیا میں بدترین وبا ثابت ہو گا۔

واضح رہے کہ مہلک کورونا وائرس نے66 دن میں دنیا کے 152 ممالک میں افراتفری پھیلا دی ہے، وائرس کے سبب چین کے بعد یورپی ممالک میں بھی سڑکیں اور بازار سنسان پڑے ہیں۔

کورونا وائرس سے 152 ملکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 835 سے زیادہ ہو گئی ہے۔

تازہ ترین