• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجیئم: کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی، 197 نئے مریض دریافت

بیلجیئم میں کورونا وائرس پھیلنے کی رفتار میں اضافہ ہوگیا ہے۔ فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں 197 نئے مریض سامنے آچکے ہیں۔ جس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 886 ہوگئی ہے۔

ہیلتھ منسٹری کے مطابق نئے کیسز کو اگر ریجن کے حوالے سے دیکھا جائے تو فلاندرز میں 137 والونیا میں 28 اور دارالحکومت برسلز میں 27 نئے مریض سامنے آئے ہیں ۔ فیڈرل منسٹری نے خبر دار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں ہمارے علاقے میں COVID-19  وائرس کے پھیلاؤ کے وسیع امکانات ہیں۔

لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ باہر رش میں جانے کی بجائے اپنے گھروں میں ہی قیام کریں اور ڈاکٹروں کی بتائی ہوئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

ایک سوال کے جواب میں منسٹری کے ذمہ داران نے بتایا کہ اس وائرس کے مزید پھیلاؤ کا تمام تر انحصار شہریوں کی جانب سے اپنائے جانے والے رویے پر ہے۔ نئے دریافت شدہ مریضوں کی اکثریت کو دوسروں سے یہ وائرس منتقل ہوا ہے۔ اس کے اثرات ایک ہفتے بعد بھی سامنے آسکتے ہیں۔

اس لیے ضروری ہے کہ جو شخص بھی علامات یعنی کھانسی یا بخار محسوس کرے، وہ اپنے گھر پر ہی رکے اور ڈاکٹر کے کلینک یا اسپتال کا رخ کرنے کی بجائے ٹیلیفون پر اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کرے۔

اس حوالے سے اسپتالوں میں سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے اور اسپتال میں داخل مریضوں سے ملاقات کرنے کے قواعد و ضوابط تبدیل کردیے گئے ہیں۔ 65 سال سے زائد عمر کے افراد سب سے زیادہ خطرے میں ہیں جبکہ ایسے افراد جن کی قوت مدافعت کمزور ہے انہیں بھی سخت احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اب تک بیلجیئم میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہوچکی ہے۔

تازہ ترین