پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 4 اپریل کو ہونے والا اجتماع مؤخر کردیا گیا ہے، انہوں نے جیالوں سے درخواست کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے لوگوں کی مدد کریں۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام کہا ہے کہ انہوں نے کورونا وائرس کی صورت حال پر آگاہی کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کی ہے، جس کے بعد اُنہیں ہر فرد کی حفاظت کے تناظر میں بعض اہم اعلانات کرنا ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی کی تمام غیر ضروری سیاسی سرگرمیوں کو معطل و مؤخر کر رہے ہیں۔
انہوں نے جیالوں سے درخواست کی کہ وہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے لوگوں کی مدد کریں، جیالے آگاہی پھیلائیں اور کمزوروں کی مدد کریں۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ جیالوں کے لیے سب سے اہم ہے کہ وہ سماجی دوری کی مشق کریں اور حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کریں، جیالوں کو اپنی حکومت کی کاوشوں پر اس کی سپورٹ بھی کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 4 اپریل کو ہونے والی پی پی پی کا سالانہ اجتماع مؤخر کردیا گیا ہے لہٰذا اس حوالے سے عوام کو موبلائز کرنے کی تمام سرگرمیاں ملک بھر میں فوری طور پر روک دی جائیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ سندھ حکومت کے شکرگزار ہیں کہ وہ سب کچھ کر رہی ہے جو اس کے اختیار میں ہے، کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت تمام حکومتوں سے بہتر ہے، سندھ حکومت کا طرز عمل دیگر صوبوں اور وفاقی سطح پر نظر آنا چاہئے۔
چیئرمین پی پی نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ کی سفارشات کا فوری نفاذ کریں۔