• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھیرا صرف گرمیوں میں ہی نہیں بلکہ ہر موسم میں دسترخوان کی شان بڑھاتا ہے۔ چونکہ کھیرا ڈی ہائیڈریشن کے لیے بہت فائدہ مند ہے، اس لیے گرم موسم میں اس کی اہمیت اور طلب مزید بڑھ جاتی ہے۔ وزن کم کرنے میں سرگرداںافراد کے لیےکھیرا کسی ہیرے سے کم نہیں ہوتا ، اسی لئے ڈی ٹوکس واٹر میں بھی کھیرا لازمی شامل ہوتا ہے۔ کھیرے سے وابستہ ڈائٹ یعنی ’کوکمبر ڈائٹ‘ کے آجکل بڑے چرچے ہیں، آئیے اس کے بارے میں کچھ جانتے ہیں۔

کھیرے پر مبنی ڈائٹ

کھیرے پر مبنی ڈائٹ (کوکمبر ڈائٹ) ایک مختصر مدت کی ڈائٹ ہے، جو وزن میں کمی لانے میںمعاون ثابت ہوتی ہے۔ لوگ اس کے علاوہ بھی کئی قسم کے ڈائٹ پلان پر عمل کرتے ہیں لیکن کوکمبر ڈائٹ اپنانے والے زیادہ تر افراد کا کہناہے کہ آپ اس سے 7دن میں 7کلو وزن کم کرسکتے ہیں۔ کھیرا چونکہ ایک صحت بخش غذا ہے، اسی لیے ڈائٹ کے حوالے سے اس کے اثرات آپ کو حیران کرسکتے ہیں۔

یہ ڈائٹ کھیرے اور چند پروٹین والی غذائوں جیسے کہ انڈہ، چکن ، مچھلی اور خشک میوہ جات پر مشتمل ہوتی ہے یعنی کھیرے آپ کے کھانوں کا متبادل بن جاتے ہیں اور دیگر پھلوں اور سبزیوں کا استعمال کم سے کم ہوجاتاہے۔ اس ڈائٹ میں چونکہ اتنی زیادہ ورائٹی نہیں ہوتی اس لئے اس ڈائٹ کو14دن تک اپنانے کا مشورہ نہیں دیا جاتا۔

اس ڈائٹ کے معیاری اصول نہیں ہیں ، سوائے اس کے کہ زیادہ تر کھانوںکے ساتھ کھیرے کھائے جائیں۔ اس کی وجہ یہ ہےکہ کھیرے میں کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں ، اس لئے اسے جتنا بھی کھالیا جائے کیلوریز نہیں بڑھتیں۔ کیلوریز کے علاوہ کھیرے میں پروٹین بھی نہیں ہوتا، جو ایسا غذائی جزو ہے جو آپ کی جِلد، پٹھوںاور جوڑوں کی صحت کو برقرار رکھتاہے ۔ اسی لئے ماہرین پروٹین والی غذائو ں کے ساتھ کھیرا استعمال کرنے پر زور دیتے ہیں۔ مزید یہ کہ آپ کو اس ڈائٹ میں کاربوہائیڈریٹ والی غذائیں جیسے ٹوسٹ ، برائون رائس یا آلو کھانے کی بھی اجازت ہوتی ہے ۔ذیل میں آپ کو ان غذائوںکے نام دیے جارہے ہیں ، جو کوکمبر ڈائٹ میں آپ استعمال کرسکتے ہیں۔

سبزیاں : کھیرے، ٹماٹر، پالک یا کم مقدار میں دیگر سبزیاں 

پروٹین: مرغی، روکھا گوشت، مچھلی ، انڈے ، دہی ، پنیر

کاربو ہائیڈریٹ : برائون رائس ، آلو ، بغیر چھنے آٹے کی روٹی

تیل : زیتون کا تیل

ایک دن میں کوکمبر ڈائٹ اپنانے کی مثال

ناشتہ : دوانڈے ،کھیرے کےساتھ

اسنیک : دو کھیرے

دوپہر کا کھانا :دہی اور لیمن جوس کے ساتھ کھیرے کی سلاد

اسنیک :دو کھیرے

رات کا کھانا:روسٹڈ چکن اور کھیرے ، ساتھ میں براؤن رائس

کھیرے کے فوائد

کھیرا ایک ایسی چیز ہے جس کی طرف خود ہی ہاتھ بڑھ جاتاہےاورلوگ کھانا شروع کرنے سے پہلے ہی اسے کھانے لگتے ہیں۔ ذیل میں کھیرے کے فوائد بیان کیے جارہے ہیں۔

٭ کھیرے کا استعمال جوڑوں کے درد سے نجات دلانےمیں مدد کرتا ہے ۔

٭ اگرکسی کے جسم میں کولیسٹرول زیادہ ہے تو اسے چاہئے کہ فوری طور پر کھیرے کو اپنی خوراک کا حصہ بنائے، اس سے کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

٭ اگر آپ موٹاپے کا شکارہیں تو ڈائٹنگ اور ورزش کے ساتھ کھیرے کو بھی اپنی خوراک میں شامل کریں۔ کھیرا آپ کے موٹاپے میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

٭ کھیرا نظام ہاضمہ بہتر کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرتاہے، اس لئے اسے اپنی روزانہ کی خوراک کا حصہ ضرور بنائیں ۔

٭ اگر آپ کے سر میںدرد رہتاہے تو پریشان مت ہوں، اگر ڈاکٹر نے ادویات تجویز نہیں کی ہیں تو ’سیلف میڈیکیشن‘ کے بجائے کھیرے کا استعمال شروع کردیں ۔ یہ آپ کے سر کادرد دور کرنے میں معاون ہوگا۔

٭ کھیرا کینسر جیسے امراض سے بھی محفوظ رکھنے میں مدد کرتا ہے۔

٭ کھیرے میں95فیصد پانی ہوتا ہے ، اسی لئے یہ ہمارے جسم میں پانی کی مقدار کم ہونے سے بچاتاہے۔ یہ جسم میں نمکیات کی کمی کو دور کرتا ہے ۔ ڈی ہائڈریشن سے بچنے کے لیے کھیرا استعمال کرنے سے پانی کی کمی دور ہوجاتی ہے۔

٭ خواتین کھیرے سے اپنی خوبصورتی میں اضافہ کرسکتی ہیں۔ اپنی خوراک میں کھیرا شامل کرنے سے خواتین کی جِلد ملائم اور بال چمکدار ہوجائیں گے۔ کھیرے کے استعمال سے جِلد کی خوبصورتی برقرار رہتی ہے۔ کھیرے کے قتلے بنا کرآنکھوں پر رکھے جائیں تو اس سے آنکھوں کی سوجن اور ان کے گرد بننے والے سیاہ حلقے بھی ختم ہونے لگتے ہیں۔

٭ کھیرا ذیابطیس کے مریضوں کے لیے ایک عمدہ غذا ہے کیونکہ اس سے ذیابطیس کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔

٭ بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں بھی کھیرا اہم کردار ادا کرتا ہے۔

٭ کھیرا گردے کی بھی صفائی کرتاہے اور جسم کو اضافی یورک ایسڈ سے بھی بچاتا ہے۔

٭ نمی والی خاصیت کی بنا پر کھیرا معدے کے السر کے علاج میں بھی فائدہ مند ہوتا ہے ، خاص طو رپر جب کھیرے کا پانی استعمال کیا جائے۔ 

تازہ ترین