• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مزیدار ریسیپیز سے مچھلی بنائیں اور لطف اٹھائیں

سمندری خوراک غذائیت سے بھرپور ہوتی ہے، جن میں سے مچھلی ہر خاص و عام میں سب سے زیادہ پسند کی جاتی ہے۔ ویسے تو مچھلی پورا سال ہی کھائی جاتی ہے لیکن سردیوں میں اس کی مانگ میں بہت زیادہ اضافہ ہوجاتا ہے۔ ماہرین بھی مچھلی کی افادیت کے باعث اس کو کھانے کا مشورہ دیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ڈائٹ کرنے والے افراد اس کو اپنی خوراک کا لازمی حصہ بناتے ہیں۔ مچھلی میں قدرتی طور پر پائے جانے والے غذائی اجزاء بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتے ہیں۔ یہ جسمانی نشوو نما اور دل و دماغ کے لیے مفید غذاہے۔ پاکستان میں سمندروں ،دریاؤں ،جھیلوں ،تالا بوں اور چشموں میں لا تعداد مچھلیاں پائی جاتی ہیں جن میں سے لوگ ٹراؤٹ، مشکا، رہو، پامفلیٹ ، پلّہ اور ہامور کھانا زیادہ پسند کرتے ہیں۔ مچھلی سے کئی طرح کے لذیذ پکوان بنائے جاتے ہیں، ہم بھی آپ کی خدمت میں چند مزیدار ڈشز کی تراکیب پیش کررہے ہیں۔

فش کٹا کٹ

درکار اجزاء

مچھلی: تین سو گرام (بون لیس)

بیسن:آدھا کپ

لال مرچ پاؤڈر: ایک سے ڈیڑھ چائے کا چمچ

بیکنگ پاؤڈر: ایک چٹکی

ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

ادرک لہسن کا پیسٹ: ایک چائے کا چمچ

نمک:حسب ذائقہ

تیل: حسب ضرورت

ہرا مصالحہ بنانے کا طریقہ

ہرا دھنیا: ایک گٹھی

ہری مرچ:آٹھ سے دس عدد

پیاز: ایک عدد

کالی مرچ: ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

چائنیز سالٹ: آدھا چائے کا چمچ

نمک: حسب ضرورت

لیموں: گارنش کے لئے

سلاد کے پتے: گارنش کے لئے

ترکیب:

ایک پیالے میں بیسن، لال مرچ پاؤڈر، بیکنگ پاؤڈر، ہلدی، ادرک لہسن کا پیسٹ، نمک اور تھوڑا سا پانی ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔

اب مچھلی کو اس مکسچرسے کوٹ کر میری نیٹ کرنے کے لئے رکھ دیں۔ پھر پین میں تیل گرم کرکے اس میں میری نیٹ کی ہوئی مچھلی کو فرائی کرلیں۔ جب مچھلی اچھی طرح فرائی ہوجائے تو اسے ٹشو پیپر پر نکال کر رکھ دیں۔

ہرا مصالحہ بنانے کے لئے چوپر میں ہرا دھنیا، ہری مرچ اور پیاز ڈال کر چوپ کرلیں۔ پھر توے پر دو سے تین کھانے کے چمچ تیل ڈال کر چوپ کیا ہوا ہرا مصالحہ ڈال کر مکس کریں اور اسے ڈھانپ کر کچھ دیر کیلئے دَم پر رکھ دیں۔ اب اس میں فرائی کی ہوئی مچھلی ڈال دیں اور پھر کالی مرچ، چائنیز سالٹ اور نمک ڈال کر کٹا کٹ چمچ کی مدد سے مچھلی کو کٹا کٹ کرلیں۔ ڈش میں نکال کر لیموں اور سلاد کے پتوں سے سجاکر کھانے کے لیے پیش کریں۔

دم پخت مچھلی

درکار اجزاء

مچھلی: ایک کلو

لہسن کا پیسٹ: چار چائے کے چمچ

ہلدی پاؤڈر :آدھا چائے کا چمچ

پیاز: 250گرام

سرخ مرچ پاؤڈر: دو کھانے کے چمچ

سفید زیرہ پاؤڈر: ایک چائے کا چمچ

میتھی دانہ: 1 چائے کا چمچ

نمک:حسب ذائقہ

تیل: حسب ضرورت

دہی: 1 کلو

گرم مصالحہ پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

ترکیب:

پیاز کو باریک کاٹ لیں اور ایک بڑی دیگچی میں تیل ڈال کر گرم کرکےاس میں پیاز فرائی کر لیں۔ جب پیاز براؤن ہو جائے تو اسے نکال کر الگ رکھ لیں۔ باقی کچی پیاز کو دہی میں ملا کرگرائنڈر میںپیس لیں اور اس میں نمک، لال مرچ، گرم مصالحہ اور زیرہ ڈال کر پیسٹ بنالیں۔ مچھلی کو اچھی طرح صاف کر کے اس پیسٹ میں ملا دیں۔ جس تیل میں پیاز فرائی کی ہے، اسی میں میتھی دانہ، ہلدی اور لہسن ڈال کر بھونیں۔ اس کے بعد مچھلی کے قتلوں کو اس میں شامل کر دیں اور دھیمی آنچ پر مچھلی کو پکانے کے لیے ڈھانپ کر رکھ دیں۔ تقریباً ایک گھنٹے بعد مچھلی تیار ہو جائے گی، جسے ایک ڈش میں نکال لیں۔ گرم گرم مچھلی نان کے ساتھ پیش کر یں۔

فش امرتسری

درکار اجزاء

مچھلی: آدھا کلو ﴿بڑے فلے

پیاز: دو عدد ﴿باریک کٹی ہوئی

ٹماٹر: دو عدد ﴿باریک کٹے ہوئے

لیموں: دو عدد

لہسن کے جوے: آٹھ عدد ﴿باریک کٹے ہوئے

ادرک :ایک بڑا ٹکڑا ﴿باریک کٹا ہوا

گڑ : ایک کھانے کا چمچ

سفید سرکہ: دو کھانے کے چمچ

نمک: حسب ذائقہ

مصالحہ کے اجزاء

ہری مرچ: آٹھ عدد ﴿کچلی ہوئی

ہلدی: ایک چائے کا چمچ

﴿پسا ہوا سفید زیرہ: ایک چائے کا چمچ

پسا ہوا گرم مصالحہ: ایک چائے کا چمچ

لال مرچ : ایک کھانے کا چمچ

تیل: حسب ضرورت

ترکیب:

مچھلی کو دھوئے بغیر سفید سرکہ لگاکر پانچ منٹ کے لیے رکھ دیں۔ پھر اسے دھوکر چھلنی میں رکھیں تاکہ پانی نکل جائے۔ اس کے بعد مچھلی پر تھوڑا نمک اور لیموں کا رس لگا دیں۔ توا گرم کرکے اس پر ذراسی چکنائی لگائیں اور مچھلی کے ٹکڑوں کو توے پر رکھ کر اُن کا پانی خشک کرلیں۔ اب پیاز، ادرک، لہسن کے جوے، لال مرچ، زیرہ اور نمک ملاکر مچھلی پر لگاکر پانچ منٹ کے لیے رکھ دیں۔ پھر فرائینگ پین میں تیل گرم کرکے اس میں مصالحہ لگی مچھلی کو شیلو فرائی کرلیں۔

اب ایک کڑاہی میں ٹماٹر، گرم مصالحہ، ہلدی اور تیل ڈال کر مصالحہ بھون لیں۔ پھر اس میں گڑ شامل کریں اور جب گڑ پگھل جائے تو اس میں تلی ہوئی مچھلی پھیلا کر ڈال دیں۔ آخر میں اوپر کچلی ہوئی ہری مرچ ڈال کر پانچ کیلئے منٹ دَم پر رکھ دیں۔ مزے دار امرتسری مچھلی گرم گرم نان یا سادے چاول کے ساتھ پیش کریں۔

فش کیک

درکار اجزاء

فش فلے: آدھا کلو

مسٹرڈ پاؤڈر: ایک چائے کا چمچ

آلو: دو عدد (اُبلے اور کچلے ہوئے)

مکھن: دو کھانے کے چمچ

سویا: ایک کھانے کا چمچ (باریک کٹا ہوا)

پارسلے : ایک چوتھائی گٹھی (باریک کٹا ہوا)

لیموں کا رس : ایک کھانے کا چمچ

لیموں کا چھلکا : ایک عدد

نمک: حسب ذائقہ

پسی ہوئی کالی مرچ: آدھا چائے کا چمچ

میدہ : آدھی پیالی

انڈے: دو عدد (پھینٹے ہوئے)

ہری مرچ : تین عدد (باریک کٹی ہوئی)

بریڈ کرمبس: ایک کپ

تیل : تین کھانے کے چمچ

ترکیب:

پہلے فش فلے کو تھوڑے سے پانی کے ساتھ اُبال لیں اور ٹشو پیپر کی مدد سے خشک کر لیں۔ فش فلے کو پیس لیں اور پھر اس میں مسٹرڈ پاؤڈر، آلو، مکھن، سویا، پارسلے، لیموں کارس، لیموں کا چھلکا، نمک اور کالی مرچ ملاکر اچھی طرح سے میری نیٹ کرنے کے لیے رکھ دیں۔ جب ڈو تیار ہو جائے تو ان کے چھوٹے چھوٹے مگر موٹے سائز کے کباب بناکر میدے میں کوٹ کریں۔ پھر انھیں پھینٹے ہوئے انڈوں میں ڈِپ کریں اور آخر میں بریڈ کرمبز میں کوٹ کرلیں۔ اب ایک پین میں تیل گرم کرکے ان کبابوں کو دونوں طرف سے ہلکی آنچ پر گولڈن فرائی کرلیں۔ لیجیے مزے دار فش کیک تیار ہیں۔

ڈیپ فرائیڈ فش کٹلیٹس

درکار اجزاء

مچھلی :تین سو گرام

لہسن کا پیسٹ: ایک چائے کا چمچ

نمک: حسب ذائقہ

کالی مرچ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

انڈہ: ایک عدد

پارسلے: ایک چوتھائی گٹھی (کٹا ہوا)

پسی ہوئی لال مرچ : ایک چائے کا چمچ

میدہ : تین کھانے کے چمچ

کارن فلور: تین کھانے کے چمچ

بریڈ کرمبس : آدھی پیالی

تیل : حسب ضرورت

ترکیب:

پہلے مچھلی کو گول گول رنگ کی شکل میں کاٹ لیں۔ اب ایک پیالے میں لہسن کا پیسٹ، نمک، کالی مرچ، انڈہ اور مچھلی شامل کرکے مکس کر لیں۔ پھر اس میں پارسلے، کُٹی ہوئی لال مرچ، میدہ اور کارن فلور ڈال کر مزید اچھی طرح مکس کرلیں۔ ایک پلیٹ پر بریڈ کرمبس پھیلا کر فش کے رنگز پر اس کا کوٹ لگالیں۔ پھر کڑاہی میں تیل گرم کرکے فش کٹلیٹس کو ڈیپ فرائی کر لیں۔ سنہرا رنگ آنے پر کسی بھی سوس یا چٹنی کے ساتھ کھانے کے لیے پیش کریں۔

فش اسٹیک​

درکار اجزاء

مچھلی: تین سو گرام (بون لیس)

کڑی پتہ: دو سے تین عدد ﴿باریک کٹے ہوئے

ٹماٹر: چار ٹکڑے

ہرے زیتون : آدھا کپ

لہسن: دو سے تین جوے ﴿کٹے ہوئے

کُٹی ہوئی کالی مرچ: ایک چائے کا چمچ

تھائم: ایک چائے کا چمچ

روزمیری کے پتے : ایک کھانے کا چمچ

﴿باریک کٹے ہوئے بیزل کے پتے: ایک کھانے کا چمچ

پارسلے: دو کھانے کے چمچ

اوریگانو : ایک کھانے کا چمچ

زیتون کا تیل: تین کھانے کے چمچ

لیموں کا رس:  ایک سے دو کھانے کے چمچ

نمک: حسبِ ذائقہ

ترکیب:

ایک پیالے میں زیتون کا تیل، ہرے زیتون، بیزل کے پتے، کڑی پتہ، اوریگانو، پارسلے، روزمیری، تھائم، لہسن اور ٹماٹر ڈالیں، پھر اچھی طرح سے مکس کرلیں۔ اب اس میں اسٹیک کی شکل میں کٹی ہوئی مچھلی ڈال دیں ۔ اس کے بعد ایک پیالے میں نمک، لیموں کا رس اور کالی مرچ کو مکس کریں اور اسے اسٹیک پر اچھی طرح سے لگالیں۔ پھر مچھلی کے اسٹیک کو پلاسٹک میں لپیٹ کر آدھے سے ایک گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ فریج سے نکالنے کے بعد اسے تھوڑی دیر کے لیے چھوڑ دیں۔

اب ایک گرل پین لیں اور جب وہ گرم ہوجائے تو اس پر اسٹیک کو دونوں طرف سے گرل کرلیں۔ بچی ہوئی میری نیشن کو تیز آنچ پر پکائیں، یہاں تک کہ وہ گاڑھا ہوجائے۔ اسٹیک کو سرونگ ڈش میں نکال کر اُوپر سے سوس ڈالیں اور ٹماٹر کے سلائس سے گارنش کرکے کھان کیلئے پیش کریں۔

سوس بنانے کا طریقہ

ایک سوس پین میں تیل یا مکھن گرم کریں۔ پھر اس میں لہسن کا پیسٹ، ٹماٹر کا پیسٹ، نمک، کُٹی ہوئی کالی مرچ، کُٹی ہوئی لال مرچ، اوریگانو لیوز اور کریم ڈال کر دو منٹ پکائیں اور پھر چولہے سے ہٹا لیں۔ ذائقہ دار سوس مچھلی کے ساتھ کھانے کے لیے تیار ہے۔

تازہ ترین