• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرونا، برطانوی فوج این ایچ ایس کی مدد کرے گی، سڑکوں پر گشت نہیں، آئسولیشن سے انکاری شہری گرفتار

لندن ( نیوز ڈیسک/پی اے ) فوج کرونا وائرس لاک ڈائون میں این ایچ ایس کی مدد کریگی، شہری بے چینی پر قابو پانے کی ذمہ داری انجام نہیں دے گی۔ ایکسپریس کے مطابق نمبر 10ڈائوننگ سٹریٹ نے اصرار کیا ہے کہ اگر امن و امان کی صورت حال خراب ہوئی تو آرمی سڑکوں پر پولیس کی ذمہ داری انجام نہیں دے گی۔ 20000فوجی جوان ایک نئی کوویڈ سپورٹ فورس میں سٹینڈ بائی ہوں گے اور پولیس کا انسداد دہشت گردی کردار انجام دینے کے علاوہ پرزن گارڈز کی حیثیت سے کام کر سکتے ہیں جبکہ بارڈر فورس چیکس کی مدد کریں گے۔ وزیراعظم کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے اور فوجی جوانوں کو کرونا وائرس کے پھیلائو کے دوران پبلک آرڈر کیلئے استعمال کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ پولیس چیفس نےتصدیق کی ہے کہ صورت حال پربحث جاری ہے مگر ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت ایسے کوئی اشارے نہیں کہ فوج کی ضرورت پیش آئے۔ اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل اووین ویدرل نے کہا کہ ہماری جانب سے فوج کو طلب کرنے سے قبل این ایچ ایس ممکنہ طور پر فوج کی مدد طلب کرسکتی ہے۔ ہیلتھ سروس کو ضرورت ہوئی تو ٹروپس کو آکسیجن ٹینکر چلانے کی ٹریننگ دی جائے گی جبکہ آرمی میڈکس ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور نرسز کی کمی ہونے کی صورت میں کام کر سکتے ہیں۔ ذرائع نے ایک روز قبل بتایا تھا کہ وزارت دفاع نے محکمہ صحت اور سوشل کیئر سے بیماروں کا علاج بیرکس میں کرنے پر تبادلہ خیالات کیا تھا۔ ایک سینئر فوجی ذریعہ نے کہا ہے کہ بیرکس ہوں یا ٹینٹ کے شہر، ہم ہر جگہ خدمات انجام دینے کیلئے تیار ہیں۔ دریں اثنا کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے پس منظر میں ایک شخص کو آئسل آف مین پہنچنے کے بعد مبینہ طور پر خود اختیاری تنہائی اختیار کرنے میں ناکامی پر گرفتار کر لیا گیا۔ واضح رہے کہ آئسل نے نئے آنے والوں کیلئے 14 دن تک قرنطینہ میں ٹہرنے کی ہنگامی قانون سازی کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی پر 10000 پونڈز جرمانہ یا تین ماہ قید کی سزا ہوسکتی ہے۔خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ 26 سالہ شخص قرنطینہ کی پابندی کا قانون توڑنے پر گرفتار ہونے والا پہلا شخص ہے۔

تازہ ترین