• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، امریکا میں ٹیسٹ کے نتائج 45منٹوں میں فراہم کرنیوالی کٹس کی منظوری

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا میں محکمہ خوراک و دوا (فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن) کے محکمے نے کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے ایک ایسے ٹیسٹ کی منظوری دی ہے جس کی مدد سے صرف 45؍ منٹ میں نتائج حاصل ہو سکیں گے۔ 

کیلیفورنیا میں قائم کمپنی سیفیڈ کی جانب سے ایجاد کیے جانے والے اس نئے طریقہ کار کی منظوری ہفتے کے روز ہنگامی بنیادوں پر دی گئی۔ 

اس سے قبل روش کمپنی کے ٹیسٹ کو بھی ایسی ہی فوری منظوری دی گئی تھی تاہم اس کمپنی کے ٹیسٹ کے نتائج سامنے آنے میں تین گھنٹے لگتے تھے۔ 

اس کے علاوہ، طبی ساز و سامان بنانے والی کمپنی تھرمو فیشر نے بھی بیماری کا ٹیسٹ کرنے کا طریقہ ایجاد کر لیا تھا جو ڈاکٹرز پہلے ہی استعمال کر رہے ہیں۔ 

بیماری سے نمٹنے کیلئے ڈرائیو تھروُ ٹیسٹ کا طریقہ بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ بالکل ایسے ہی جیسے کسی ملٹی نیشنل ریستوران کے ڈرائیو تھرو کے ذریعے گاڑی میں بیٹھے بیٹھے کھانا آرڈر کیا جاتا ہے۔

 سیفائیڈ کمپنی کی جانب سے تیار کیے جانے والے نئے طریقے کے تحت ٹیسٹ کی کٹس آئندہ ہفتے (پیر سے) اسپتالوں کو فراہم کرنا شروع کر دی جائیں گی تاہم ایف ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، یہ کٹس صرف اسپتال ہی نہیں کہیں بھی استعمال کی جا سکتی ہیں۔

تازہ ترین