کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے حکم دیا ہے کہ لاک ڈائون کے دوران کوئی کسی کو بیروزگار نہیں کرسکتا ، اگر آپ جہاں نوکری کرتے ہیں، وہ سندھ حکومت کے فیصلے کو نہیں مان رہے تو آپ ہم سے رابطہ کریں، عوام نے تعاون نہ کیا تو ساری محنت ضائع ہو جائیگی، اگر آپ کو لاک ڈائون کے دوران راشن کی ضرورت ہے تو آپ سندھ حکومت سے رابطہ کریں، راشن آپ کو پہنچایا جائیگا۔ بلاول بھٹوزرداری نے کرونا وائرس کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میںعوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سندھ حکومت سے تعاون کریں، وفاقی حکومت اس وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے ہماری مدد کرے،میں جانتا ہوں کہ اگر ہم سب ایک ہوجائیں تو کرونا وائرس کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومت کی اہم ذمہ داری اپنے عوام کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہے، اس وقت پوری دنیا میں کرونا وائرس پھیل رہا ہے۔