• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹاپ پاکستانی کرکٹرز نے کورونا فنڈ کیلئے 50 لاکھ روپے کا اعلان کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نےکورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں نےمجموعی طور پر 50 لاکھ روپے کی خطیر رقم عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بورڈ کے جنرل منیجر یا اس سے بڑے عہدے پر موجود ملازمین اپنی ماہانہ تنخواہ میں سے 2 روز کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔ پی سی بی کے باقی ملازمین ایک دن کی تنخواہ کورونا وائرس فنڈ میں دیں گے۔ بدھ کی شب پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ تمام کرکٹرز اور ملازمین کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مالی امداد کے ذریعے حکومتی ایمرجنسی فنڈ میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔ پی سی بی بطور ادارہ تمام عطیات اکٹھا کرکے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کی جانب سے قائم کردہ فنڈ میں ڈالے گا۔ یاد رہے کہ عالمی ادارہِ صحت کورونا وائرس کو ایک عالمی وباء قرار دے چکا ہے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی روایت ہے کہ وہ ہر مشکل وقت میں اپنی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔ ہماری صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے علاوہ ہیلتھ ورکرز کے لیے یہ ایک مشکل وقت ہے۔ احسان مانی نے کہا کہ وہ اپنے ہیلتھ ورکرز کی صحت اور کامیابی کے لیے دعاگو ہیں تاکہ ہمارا معاشرہ جلد معمول کے مطابق چل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی کامیابی کا اندازہ مشکل حالات میں اس کے اتحاد سے لگایا جاتا ہے اور اس مشکل وقت میں ہم سب کو ایک ہوکر اس وباء کا مقابلہ کرنا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک بار پھر پوری قوم سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرے، انہیں اور ان کے پیاروں کو اس وباء سے محفوظ رکھنے کا واحد راستہ احتیاط ہے۔ ہم ایک باہمت قوم ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ہم سب مل کر اس وباء کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

تازہ ترین