• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


شاہ محمود نے غیرمحتاط رہنے کی انتہا کردی


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےچین کی یاد گار امداد کی آمد کے موقع پر غیر محتاط رہنے کی انتہا کردی۔

اسلام آباد ایئر پورٹ پر موجود شاہ محمود قریشی کے غیر محتاط رویے کو دیکھ کر چین سے آئے ڈاکٹرز بھی حیران رہ گئے،جس کے باعث یہ دورہ مزید یادگار بن گیا۔

ایک ایسے وقت میں جب کورونا وائرس کی وبا دنیا بھر میں سوا 6 لاکھ سے زائد لوگوں کو اپنا شکار بنا کر پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث شہر اور بستیاں ویران ہیں، متعدد ممالک میں کرفیو کا سماں ہے، انسانوں نے سماجی سرگرمیاں تو درکنار مذہبی فرائض میں بھی احتیاط برتنا شروع کر رکھی ہے۔ ایسے میں چین کی طرف سے بھیجی گئی امداد وصول کرنے اور طبی عملے کے استقبال کیلئے اسلام آباد ائیرپورٹ جانے والے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کمال کر دیا۔

خود کو قرنطینہ میں بند رکھنے والے شاہ محمود قریشی مکمل طور پر غیر محتاط نظر آئے، 2 درجن سے زائد افراد کے ہمراہ ائیرپورٹ کے مختلف حصوں کا دورہ شروع کردیا، اس دوران ان کو قطعی طور پر یہ یاد نہ رہا کہ ہر ایک شخص کا دوسرے سے مناسب فاصلہ رکھنا ضروری ہے۔

وزیر خارجہ نے اگرچہ این 95 ماسک پہن رکھا تھا لیکن دوسروں سے بات کرتے ہوئے کبھی ماسک ناک سے نیچے آجاتا اور کبھی وزیر خارجہ ماسک کو اپنے ہاتھوں سے اوپر نیچے کرنا شروع کر دیتے۔

حیران کن بات یہ تھی کہ وزیر خارجہ نے پاکستان آنے والے چینی وفد کے ایک رکن سے ہاتھ بھی ملا لیا بعد میں وزیر خارجہ کے ہاتھ ملانے کی تصویر میڈیا کو بھی جاری کر دی گئی۔ حکومت کی جانب سے سماجی فاصلے کی مہم کے لیے ایسی مثالیں زہر قاتل ہیں۔ احتیاط کیجئے۔

تازہ ترین