• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی سیٹھی کی لاک ڈاؤن میں مداحوں کو آن لائن ٹریٹ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وائرس کے باعث تمام سرگرمیاں انتہائی محدود ہیں لیکن معروف گلوکارعلی سیٹھی نے مداحوں کو آن لائن ٹریٹ دے دی۔علی سیٹھی نے گذشتہ ہفتے انسٹاگرام لائیو سیشن میں مداحوں کو بتایا تھا کہ وہ آن لائن پرفارمنس کے بہت سے سیشنز کاانعقاد کررہے ہیں۔علی سیٹھی کے ورچوئل سیشن میں بھارت کی معروف کلاسیکل گلوکارہ ریکھا بھردواج ، ان کے شوہر معروف فلم ڈائریکٹراورکمپوزر وشال بھردواج اور سب سے بڑھ کر پاکستان میں غزل گائیکی کے حوالے سے منفرد پہچان رکھنے والی فریدہ خانم نظرآئیں جنہیں علی اپنا استاد قراردیتے ہیں۔پاکستان اور بھارت کے نامور ستاروں سے سجی اس آن لائن پرفارمنس کو شائقین نے بیحد پسند کیا۔لائیو سیشن میں گفتگو کے دوران ریکھا اور وشال بھردواج نے فریدہ خانم کی لائیو گائیکی کو اپنے لیے خوش قسمتی قرا ردیا۔ فریدہ خانم نے مداحوں کو اپنی مشہورزمانہ غزل ’’آج جانے کی ضد نہ کرو‘‘ سنائی جسے بھارتی جوڑے نے بھی پورے دل سے سنا۔علی سیٹھی کی فرمائش پر ریکھا نے ’’پھر لے آیادل مجبور کیا کیجئے ‘‘ سنایا جسے فریدہ خانم نے بھی خوب سراہا۔ اس زبردست لائیو سیشن کااختتام علی سیٹھی نے اپنے گانے ’’چاندنی رات‘‘ سے کیا جسے ان کے تینوں سینیئرز نے بیحد پسند کیا۔واضح رہے کہ علی سیٹھی اس سے قبل 19 اور 24 مارچ کو بھی لائیو سیشنز کے ذریعے شائقین موسیقی کو خوب محظوظ کرچکے ہیں۔

تازہ ترین