• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہل اسلام اللہ تعالیٰ کے سواکسی سے نہیں ڈرتے ،الطاف شاہد

برمنگھم (پ ر) پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ ہم وطنوں کی انتھک خدمت سے بہتر کوئی سیاست نہیں۔ اہل اسلام اللہ تعالیٰ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے، کورونا وباسے ڈرنے کی بجائے اس کا بھرپور مقابلہ اور اسے نابود کرنے کی ضرورت ہے، شہری صبر و استقامت اور احتیاطی تدابیر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ یہ ایک دوسرے کو سیاسی طور پر پچھاڑنے نہیں بلکہ ہاتھوں میں ہاتھ دے کر عوام کوبچانے اور ان کی ویلفیئر کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کا وقت ہے۔ پاکستان کی سالمیت اور عوام کی عافیت ہماری سیاست کا محور ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفیٰ کمال اور مرکزی صدر انیس احمد قائم خانی کورونا وبا کے سلسلہ میں بھی عوامی خواہشات اور ترجیحات کی بھرپور ترجمانی کر رہے ہیں۔ چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا کہ اہل اسلام اور دوسرے ادیان کے پیروکار کورونا سے بچائو کیلئے دوا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ دعا کا اہتمام بھی کریں۔ صرف حکومت اور ریاستی اداروں پرانحصار نہیں کیا جاسکتا، عوام خود بھی ایک دوسرے کاخیال رکھیں اور مستحق افراد کی خاطرخواہ مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچائو اور مستقل نجات کیلئے ہمیں اختیاطی تدابیر کو اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ انسان نے ماضی میں بھی کئی آفات اور وبائوں کو شکست دی ہے، ان شاء اللہ کورونا بھی عنقریب قصہ پارینہ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کی فرض شناس اور باضمیر قیادت مادر وطن کو سماجی و سیاسی برائیوں اور کورونا سمیت ہر قسم کی وبائوں سے پاک کرکے دم لے گی۔ سیّد مصطفی کمال اور انیس احمد قائم خانی کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے شہریوں میں شعور بیدار جبکہ ان میں خودداری اورخود اعتمادی بحال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیّد مصطفیٰ کمال اور انیس احمد قائم خانی کی ترغیب پر معاشرے کے ثروت مند افراد مستحق ہم وطنوں کی مدد کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
تازہ ترین