معروف گلوکار عاطف اسلم کا کہنا ہے کہ اِس مشکل وقت میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
گزشتہ روز پاکستان کے معروف گلوکارعاطف اسلم نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنا ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں اُنہوں نے کورونا وائرس کے اِس مشکل وقت میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔
عاطف اسلم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جو اقدامات اُٹھائے ہیں وہ واقعی قابل تعریف ہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’جس کی جتنی استطاعت ہے وہ اپنی استطاعت کے حساب سے اپنے اردگرد ایسے لوگوں کو دیکھے جن کو اِس مشکل گھڑی میں مدد کی ضرورت ہے، آپ اُن کی ضرور مدد کریں اور اللّہ تعالیٰ ہمیں اِن تمام پریشانیوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کی ہمت عطا کرے۔‘
عاطف اسلم نے کہا کہ ’الحمد اللّہ میرا تعلق حکومتی پارٹی یا کسی بھی دوسری پارٹی سےنہیں ہے لیکن میں پھر بھی وزیراعظم عمران خان صاحب کی کاوشوں کو سراہوں گا ۔‘
گلوکار نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’عمران خان صاحب آپ کو جب بھی ہماری ضرورت ہوگی ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم سے جو ہوسکا ہم وہ کریں گے۔‘
عاطف اسلم نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں عوام سے درخواست کی کہ براہ کرم حکومت کے قائم کردہ احکامات پر عمل کریں اور ہر طرح سے اپنے ہم وطنوں کی رضا کارانہ طور پر مدد کریں۔