خیبر پختون خوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ ہمارے ادارے وینٹی لیٹر پر جا چکے تھے، انہیں وینٹی لیٹر پر جانے کی صورتحال سے نکالیں گے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کےپی نے کہا کہ ادارے مضبوط ہوں گے تو سب چیزیں ٹھیک ہوں گی، ادارے وینٹی لیٹرز پر نہیں چل سکتے۔
انہوں نے کہا کہ جامعات میں غیر ضروری اور غیر قانونی بھرتیاں کی گئی ہیں، ہم محکمہ صحت میں ریفارمز لے کر آرہے ہیں، تیمر گراہ میڈیکل کالج سالوں سے بند ہے، ایسے بہت سے زیرِ تعمیر ادارے ہیں جو آخری مراحل پر ہونے کے باوجود بند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی تنخواہوں اور شہدا پیکج کو بہتر بنایا جارہا ہے، کے پی پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف بے پناہ قربانیاں دیں، کے پی میں پولیس کی استعداد کار بڑھائی جارہی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ صوبے کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں، صوبے کی صلاحیتوں کو عوام کی خوشحالی میں بدلنا ہمارا ہدف ہے، صوبے کی آمدن میں اضافہ ہماری اولین ترجیح ہے۔