• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں سے جنسی استحصال کے الزامات، تھامس مارکل پر فردِ جرم عائد

تھامس مارکل—فائل فوٹو
تھامس مارکل—فائل فوٹو 

امریکی عدالت نے برطانوی شاہی خاندان کی منحرف بہو و امریکی اداکارہ میگھن مارکل کے والد تھامس مارکل پر بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق تصاویر رکھنے کے 2 الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کر دی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 82 سالہ تھامس مارکل پر لاس اینجلس کی وفاقی عدالت میں فردِ جرم عائد کی گئی، جس کے بعد ان کے خلاف الزامات کی تعداد 1 سے بڑھ کر 2 ہو گئی۔

امریکی حکام کے مطابق ایف بی آئی نے لاس اینجلس کے علاقے میں واقع 2 اسٹوریج یونٹس کی تلاشی کے دوران تقریباً 78 اشیاء قبضے میں لی تھیں، جن میں فلم نیگیٹوز، سلائیڈز اور کتابیں شامل تھیں۔

امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ برآمد ہونے والے مواد میں نابالغ بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق تصاویر بھی موجود تھیں۔

تحقیقات کے مطابق تھامس مارکل نے یہ اسٹوریج یونٹس 2008ء سے کرائے پر حاصل کر رکھے تھے۔

حکام کا الزام ہے کہ برآمد ہونے والے مواد میں موجود بعض تصاویر میں انہیں نابالغ بچوں کے ساتھ قابلِ اعتراض حالت میں دکھایا گیا ہے۔

تھامس مارکل کو رواں ماہ 6 نومبر کو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لیک لینڈ میں ایک رہائشی نگہداشت مرکز سے گرفتار کیا گیا تھا۔

بعد ازاں انہیں الیکٹرانک نگرانی کی شرط پر رہائی دے دی گئی تھی لیکن ٹخنے پر لگایا گیا مانیٹرنگ آلہ کاٹنے کے بعد عدالت نے انہیں دوبارہ حراست میں رکھنے کا حکم دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز فلپائن سے ہوا تھا، جہاں تھامس مارکل ماضی میں مقیم رہے۔

فلپائنی پولیس نے بھی ان کے خلاف بچوں کے آن لائن جنسی استحصال سے متعلق قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر شکایات درج کرنے کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب تھامس مارکل ان الزامات کی تردید کر چکے ہیں اور انہوں نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ’بیمار ذہن کی گھڑی ہوئی کہانیاں‘ قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی قانون کے تحت تھامس مارکل دونوں الزامات میں مجرم ثابت ہوئے تو انہیں ہر الزام پر زیادہ سے زیادہ 20 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید