پیرس(رضا چوہدری/ نمائندہ جنگ ) فرانس، جرمنی اور برطانیہ نے گزشتہ برس انسٹیکس کے قیام کا اعلان کیا تھا، انسٹیکس اسکیم کے تحت یورپ نیوکلیئر معاہدے کی شرائط پر ایران کو پابند رکھنے کا مجاز ہے مگر تجارتی پابندیوں کے باوجود یورپ نے ایران کو بائی پاس ڈیل کے تحت طبی امداد بھیج دی، فرانسیسی میڈیا کے مطابق یورپی ممالک سے ایران بھیجی گئی امداد میں طبی آلات اور ساز و سامان شامل ہے۔ یورپی ممالک کی جانب سے ایران کو بھیجی جانیوالی یہ پہلی امداد ہے، جرمن وزارت خارجہ کے مطابق ایران کو امداد بھیجنے والے ممالک میں فرانس، جرمنی اور برطانیہ شامل ہیں۔ جرمن وزارت خارجہ نے بتایا کہ یورپی ممالک کی جانب سے بھیجا جانیوالا طبی سامان ایران پہنچ چکا ہے۔ میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی صدر ٹرمپ نےایران کے ساتھ 2015 کا نیوکلیئر معاہدہ ختم کرکےتجارتی پابندیاں لگائی تھیں۔