• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس، پاکستانیوں کی عمران خان سے میتیں واپس لانے کی اپیل


فرانس میں مقیم پاکستانی کوروناوائرس سے عزیزوں کی اموات کے بعد نئی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، فلائٹ آپریش کی بندش اور حکومت پاکستان کی پابندی کے باعث انہیں میتوں کا وطن لانا ناممکن ہوگیا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان بخوبی جانتے ہیں کہ یورپی ممالک میں کفن دفن کتنا مشکل کام ہے تو آجکل اوورسیز پاکستانیوں کی میتوں کی پاکستان لانے پر پابندی کیوں؟

فرانس سمیت یورپ میں کورونا سے متاثر پاکستانی کمیونٹی کو نئی مصیبت نے گھیر لیا ہے۔ پروازوں کی بندش کےسبب کورونا سے جاں بحق افراد کی میتیں وطن لانا ناممکن ہوگیا ہے۔

پیرس کے نواحی علاقے کرائی جس کو منی پاکستان بھی کہا جاتا ہے، سے تعلق رکھنے والے ملک ابراہیم، برہان اور دیگر نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے اپیل کی ہے کہ وہ فرانس میں مقیم پاکستانیوں کے جسد خاکی کو پاکستان میں  تدفین کی اجازت دیں۔

فرانس میں مقیم پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے عزیزوں کی تدفین میں بہت مشکلات اور پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ دیار غیر میں کورونا کا شکار ہونے والے پاکستانیوں کی میتوں کی پاکستان میں تدفین کو یقینی بنایا جائے۔

یاد رہے کہ فرانس میں کورونا سے تین خواتین سمیت پندرہ پاکستانی جاں بحق ہوئے ہیں جن میں سے ایک مرد اور ایک خاتون کو فرانس ہی میں سپرد خاک کردیا گیا ہے،فرانس میں مقیم پاکستانی اس صورتحال سے انتہائی پریشان ہیں۔

دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ فرانس میں تدفین کاعمل انتہائی پیچیدہ ہونے کےسبب پاکستانی کمیونٹی عام طورپر میتوں کو تابوت میں رکھ کر قومی ائیرلائن سے وطن بھیجتی تھی تاہم اب صورتحال یکسر مختلف ہوگئی ہے تو کمیونٹی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس مسئلے کا فوری حل نکالے۔

فرانس میں پریشان حال پاکستانیوں نے یہ بھی کہا  کہ یورپ میں آباد پاکستانی زرمبادلہ بھیج کر وطن کی معیشت مضبوط کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں، اب وہ ایک ایسے امتحان سے دوچار ہیں جس کا حل انکے پاس نہیں۔

تازہ ترین