کوروناوائرس کی وجہ سے ملک بھر میں ہونے والے لاک ڈاؤن اور ٹرینوں کی بندش کے سبب ریلوے اسٹیشنز کی رونقیں بھی ماند پڑگئی ہیں۔
ٹرینوں کی بندش کے باعث جہاں لاہور ریلوے اسٹیشن کی رونقیں ماند پڑی ہوئی ہے، وہیں قلیوں کا روزگار بھی ختم ہو کر رہ گیا ہے، یہ محنت کش طبقہ اِن دنوں شدید پریشانی سے دوچار ہے۔
کورونا وائرس نے دوسروں کو بوجھ اٹھانے والے قلیوں کے دل بوجھل کرکے رکھ دیئے ہیں، ان قلیوں کا روزگار ریلوے اسٹیشنوں کی گہما گہمی سے جُڑا رہتا ہے، مگر لاک ڈاؤن کے باعث جب سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوئی ہے، یہ محنت کش انتہائی اضطراب اور پریشانی میں مبتلا ہیں۔
لاہور ریلوے اسٹیشن پر لاچارگی کی تصویر بنے قلی کہتے ہیں کہ ریلوے اسٹیشن ہی سنسان نہیں ہوئے، بلکہ ان کی زندگیاں بھی سنسان ہو کر رہ گئی ہیں، وہ نہ بھیک مانگ سکتے ہیں اور نہ کسی کو اپنا دُکھڑا سنا سکتے ہیں، حکومت کو چاہئے کہ وہ ان کیلئے جلد امدادی پیکج کا اعلان کرے۔