اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ فتویٰ آنے کے بعد نماز جمعہ کے اجتماع کا جواز نہیں۔
کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں نماز جمعہ کے موقع پر رونما ہونے والے واقعے پر اظہار خیال کرتے ہوئے قبلہ ایاز نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں شرعی تقاضہ انسانی جان کی حرمت کا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کا پوٹینشل کیریئر شخص جو کسی دوسرے شخص میں وبا منتقل کرسکتا ہے، اس کا دوسرے سے ملنا وبا کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتا ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ حکومت نے آج دن 12 بجے سے ساڑھے تک تک مکمل لاک ڈاؤن کیا تھا، تاکہ سندھ بھر میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات کا انعقاد نہ ہوسکے۔
اس موقع پر علاقے لیاقت آباد میں مسجد کے بیسمنٹ میں جمعے کی نماز پڑھائی گئی، پولیس نے روکنے کی کوشش کی تو عوام مشتعل ہو گئے جنہوں نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کر دیا۔
لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر پیش امام کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق پیش امام نے پابندی کے باوجود نمازِ جمعہ کی امامت کی تھی، امامت سے پولیس کے روکنے پر لوگوں کو اکسایا گیا، جنہوں نے 2 پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو عوام کے تشدد سے بچانے کے لیے ایک شہری نے اپنے گھر میں پناہ دی۔