• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید بھٹو کی زندگی عوام کے حقوق کی جدوجہد سے عبارت تھی، وقار مہدی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور پی پی پی سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 41ویں یوم شہادت کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پوری زندگی عوام کے حقوق اور جدوجہد اور ملک کی تعمیر وترقی کی خدمات سے عبارت تھی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایوب آمریت کے خلاف علم بغاوت بلند کیا اور عوام کی نمائندہ جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی اور اس ملک کے پہلے جمہوری و عوامی وزیراعظم منتخب ہوئے ‘ بے آئین ملک کو 1973کا متفقہ آئین دیا، 90ہزار جنگی قیدی آزاد کرائے اور بھارت کے ہاتھوں قبضہ کیاگیا 5 ہزار مربع میل کا علاقہ واگزار کرایا۔ شہید بھٹو نے مزدوروں کیلئے پہلی لیبر پالیسی بنائی مزدوروں کی ملازمت کو تحفظ دیا ملک کو ایٹم بم کا تحفہ دیا جس کے باعث آج دشمن پاکستان کے جانب میلی آنکھ بھی ڈالنے سے گھبراتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج 41سال گزرنے کے باوجود شہید بھٹو عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شہید بےنظیر بھٹو نے بھٹو ازم کو پروان چڑھایا ملک کی تعمیر اور ترقی کیلئے لازوال خدمات سرانجام دیں اور انہیں بھی جمہوریت اور عوام دشمن قوتوں نے شہید کر دیا ‘ اسی طرح شہید بھٹو کے دو صاحبزادوں شہید شاہنواز بھٹو اور شہید مرتضی بھٹو کو بھی ایک سازش کے تحت شہید کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کے خاندان کی قربانیاں پوری دنیا کی سیاسی تاریخ کا انمول باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری شہید بھٹو کے پرچم کو بلند رکھتے ہوئے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بےنظیر بھٹو کے نقش قدم پر رواں دواں ہیں ۔

تازہ ترین