• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام تعاون کریں،14دن میں کورونا کا خاتمہ ہو جائےگا، مرتضیٰ وہاب

عوام تعاون کریں،14دن میں کورونا کا خاتمہ ہو جائےگا


کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تین تلوار چورنگی کلفٹن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کرونا وائرس کے خلاف جنگ کرنے والے ڈاکٹر اور طبی عملہ کو سلامی پیش کیئے جانے کی سادہ اور پروقار تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بحیثیت ایک شہری اور رکن سندھ حکومت کے اپنے پولیس کے جوانوں، رینجرز اور پاک فوج کے جوانوں اور ڈاکٹروں و پیرامیڈیکل اسٹاف کو اس مقصد کیلئے کام کرنے اور اپنی جان پر کھیل کر عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کی کاوشوں پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈی آئی جی کمشنر کراچی ایس ایس پی ساؤتھ دیگر پولیس افسران موقع پر موجود تھے۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ اگر عوام ہمارے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے تو آئندہ انشاءاللہ 14دنوں میں کرونا کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کرونا وائرس کی تشخیصی کٹ کے حوالے سے کہا کہ ہمارے پاس 450 کٹس ہیں اور انڈس اسپتال کے تعاون سے ہم نے برطانیہ کو آرڈر کر دیا ہے جو چار اپریل تک ہمیں مل جائیں گی اور وفاق بھی ہمارے ساتھ تعاون کر رہا ہے لوگوں کو راشن کے حوالے سے کئے گئے سوال پر کہا کہ ہمارے پاس زکوۃ کے حوالے سے 94ہزار لوگ رجسٹر ہیں جن کو ہم نے فی گھرانہ 6000 روپے کے حساب سے پیسے دینا شروع کر دیا ہے ۔

تازہ ترین