راولپنڈی (جنگ نیوز) واٹر سپلائی سکیم کے پائپ پھٹنے سے دھمیال چکری روڈ کے متعدد علاقوں میں پانی کی سپلائی منقطع ہو گئی۔ لاک ڈائون کے دوران دو ہفتوں سے پانی کی قلت ہونے سے عوام کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ ٹینکرز مافیا کی من مانیوں اور خود ساختہ ریٹس کے باعث عملی طور پر ضلعی انتظامیہ کے اثرو رسوخ سے باہر ہونے کی وجہ سے لوگوں کیلئے مہنگے ٹینکرز ڈلوانا بھی ممکن نہیں رہا۔ اس سے قبل چوہدری نثار دور میں 25کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کئے جانے کے باوجود ڈسٹری بیوشن لائنیں انتہائی ناقص ڈالے جانے کی شکایات پر بھی تاحال انکوائری نہیں کروائی جا سکی۔ عوام نے وزیراعظم عمران خان‘ وزیراعلیٰ عثمان بزدار‘ صوبائی وزیر بشارت راجہ‘ واثق قیوم عباسی سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ واٹر سپلائی سکیم کی انکوائری کروا کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے اور پائپ لائنوں کی مرمت کروا کے لاکھوں افراد کیلئے پانی فوری بحال کروایا جائے۔ ادہر واٹر سپلائی سکیم کے سینئر ممبران کے مطابق فنڈز کی کمی کے باعث کام میں قدرے تاخیر ہوئی تاہم بحالی کا کام جاری ہے جلد علاقہ بھر میں پانی کی سپلائی بحال کر دی جائیگی۔