• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرمی میں بھی کورونا پھیلاؤ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، مامنگ ہوئی

پاکستان آئے ہوئے چینی ڈاکٹر مامنگ ہوئی کا کہنا ہے کہ گرمی میں بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے چین کے ڈاکٹروں اور ماہرین کے وفد کی ملاقات کی، اس دوران چینی ڈاکٹروں کی جانب سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے اپنے تجربات بھی شیئر کئے گئے اور اس مشکل وقت میں حکومت پنجاب کو ہرممکن معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کے دوران چینی ماہرین او رڈاکٹروں کے وفد کی قیادت چین کے صوبہ ارورمچی کے ڈاکٹر مامنگ ہوئی نے کی، اس دوران کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت اور چینی وفد کے درمیان دو طرفہ تعاون پر اتفاق بھی کیا گیا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کے دوران چینی وفد کی جانب سے کہا گیا کہ کورونا سے متعلق عوام کے تحفظ کے لیے پنجاب حکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

اس دوران چینی ڈاکٹر مامنگ ہوئی کا کہنا تھا کہ گر می میں بھی کورونا کے پھیلاؤ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، سماجی فاصلے کورونا وائرس سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

چینی وفد کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کے لیے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ کم ازکم 28دن کے لئے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، 28دن کے بعد محتاط انداز میں مرحلہ وار پابندیاں نرم کی جانی چاہیے، کورونا وائرس کے شکار مریض کو گھر میں رہنے کی بجائے ہسپتال /قرنطینہ مرکز میں آنا چاہیے۔

چینی وفد کا مزید کہنا تھا کہ مریض کی جان بچانے کے لیے انتہائی ناگزیر صورت میں پلازمہ کا استعمال مفید ثابت ہواہے، متاثرہ مریض کےلیے 3اینٹی وائرل ادویات کا استعمال مفید ثابت ہوا جبکہ بعض اوقات کورونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔

چینی وفد کی جانب سے مزید کہنا تھا کہ زیادہ قوت مدافعت رکھنے والے افراد جلد صحت یاب ہوجاتے ہیں جبکہ معمر افراد اور دیگر بیماریوں میں مبتلا لوگوں کے لیے کورونا وائرس خطرناک ہوسکتا ہے۔

ملاقات کے دوران پنجاب کے سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کی جانب سے صوبہ بھر میں مریضوں کے اعدادوشمار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ملاقت کے دوران عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ چین قابل اعتماد دوست ہے، ہر مشکل وقت میں ساتھ نبھایا ، چین نے کورونا وائرس پر کم ازکم وقت میں قابو پا کر قابل تقلید مثال قائم کی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ اور سدباب کے لیے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے اور چینی ڈاکٹروں کے مشورے اور سفارشات پر عمل کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کی وباء پر قابو پانے کے لیے چین کا ماڈل دنیا کے لیے ایک نئی مثال ہے۔

عثمان بزدا ر نے چینی وفد سے ملاقات کے دوران چینی ڈاکٹروں اور چیف نرس کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں دوست ہی دوست کے کام آتا ہے۔

تازہ ترین