• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پوپ لیو کو رافیل طیاروں نے غیرمعمولی پروٹوکول کیوں دیا؟

—فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
—فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو کے دورۂ فرانس کے آخری روز ایک غیر معمولی منظر دیکھنے میں آیا ہے۔

فرانس کی فضائیہ کے 2 جدید رافیل جنگی طیاروں نے پوپ لیو کو غیر معمولی پروٹوکول دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دورانِ پرواز پوپ لیو نے جنگی طیاروں کے پائلٹس سے ریڈیو پر گفتگو بھی کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ71 سالہ پوپ پیر کی صبح فرانس کے شہر لورڈز سے میٹز جا رہے تھے کہ فرانسیسی فضائیہ کے 2 رافیل جنگی طیارے ان کے طیارے کے ساتھ پرواز کرنے لگے۔

جنگی طیارے پوپ لیو کے طیارے سے تقریباً 50 میٹر کے فاصلے پر پرواز کر رہے تھے جس سے طیارے میں موجود عملے کو بھی ایک منفرد تجربہ حاصل ہوا۔

فرانسیسی فضائی کمپنی ایئر فرانس کے مطابق پوپ لیو نے پرواز کے دوران تقریباً آدھا گھنٹہ طیارے کے کاک پٹ میں گزارا۔

اس دوران انہوں نے طیارے کے پائلٹس سے غیر رسمی گفتگو کی اور رافیل جنگی طیاروں کے پائلٹس کے ساتھ بھی ریڈیو کے ذریعے رابطہ کیا۔

ایئر فرانس کے معاون پائلٹ ایرک مارگریٹ نے بتایا کہ پوپ کو ہوا بازی، گاڑیوں اور مشینوں میں خصوصی دلچسپی ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ پوپ لیو نے جنگی طیاروں کے پائلٹس کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں لوگوں کے تحفظ اور امن کے لیے خدمات انجام دینے والے فوجی اہلکاروں کو بھی دعائیں دیں۔

فرانسیسی وزارتِ دفاع کے مطابق پوپ لیو کے 4 روزہ دورے کے دوران پیرس، لورڈز اور میٹز میں خصوصی فضائی حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

ان انتظامات میں رافیل جنگی طیاروں کے علاوہ فوجی ہیلی کاپٹر، فضائی نگرانی کے طیارے، زمین سے فضا میں دفاعی نظام اور ڈرون مخالف ٹیکنالوجی بھی شامل تھی۔

فرانسیسی فضائیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد پوپ لیو کی تقریبات کے دوران فضائی خطرات کی نشاندہی اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید