امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ برطانوی ایئر بیس پر مبینہ بم حملے کی سازش میں غیر ملکی فریق کے ملوث ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی ایئر بیس کو امریکی فوج بھی استعمال کرتی ہے، یہ ایک انتہائی سنگین صورتِ حال ہے۔
امریکی وزیرِ خارجہ نے گفتگو کرتے ہوئے اشارہ دیا کہ مبینہ غیر ملکی مداخلت سے متعلق مزید معلومات آئندہ چند روز میں سامنے آ سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ بہت سی مختلف وجوہات کی وجہ سے کچھ باتیں ایسی ہیں جو میں نشریات کے دوران نہیں بتا سکتا۔
مارکو روبیو نے کہا کہ اس خبر پر لوگوں کی تشویش کو سمجھتا ہوں کہ اتوار کو رائل ایئر فورس (RAF) فیئر فورڈ ایئر بیس کے قریب گرفتار کیے گئے 5 مشتبہ مردوں کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مبینہ سازش کو ناکام بنانے میں تعاون اور مدد پر برطانوی حکام کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ واشنگٹن برطانوی تفتیش کاروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
ایران کی جانب سے امریکی مفادات کو لاحق خطرات کی مثال دیتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ کسی حملے یا حملے کی کوشش کے نتائج ہوں گے، گزشتہ ہفتے کے آخر میں جو کچھ ہوا، وہ ایک انتہائی سنگین خطرہ ہو سکتا تھا۔