• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کا ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق کارروائی کا مطالبہ

اپوزیشن کا ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق کارروائی کا مطالبہ 


اسلام آباد، کراچی، پشاور، (نیوز ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) اپوزیشن جماعتوںنے آٹا چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی رپورٹ کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ 

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف رپورٹ عمران خان اور بوزدار کیخلاف فرد جرم ہے، دیکھتے ہیں وزیراعظم بڑے پیمانے پر ہونیوالی کرپشن اور اقربا پروری پر کیا ایکشن لیتے ہیں۔ سلیمان شہباز نے شریف گروپ کو دیئے ایک ارب چالیس کروڑ کی سبسڈی کے حکومتی اعدادوشمار کو غلط قرار دے دیا۔ 

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا اصل امتحان اب ہوگا۔ اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا کہ آٹا چینی چور آج بھی عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے ہیں۔ 

پیپلز پارٹی کے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ فرانزک رپورٹ کی آڑ میں عمران خان کے پیاروں کو بچایا لیا جائیگا۔ ن لیگ ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ حقائق مسخ کرنے سے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی چوری چھپ نہیں سکتی۔ 

پیپلزپارٹی کے نیئر بخاری نے کہا کہ چینی پر رپورٹ نے وزیرِاعظم کی گڈ گورننس کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں ایف آئی اے کی رپورٹ پر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کے چیئرمین بھی ہیں، یہ رپورٹ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف فردِ جرم ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ وزیراعظم اپنے اور وزیراعلیٰ کے خلاف اس بڑے پیمانے کی کرپشن اور اقرباپروری پرکیا کارروائی کرتے ہیں؟ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا اصل امتحان اب ہوگا کہ ان کے قریبی دوست گرفتار ہوتے اور جیل جاتے ہیں یا نہیں؟ ان سے قوم کا پیسا واپس حاصل کیا جاتا ہے یا نہیں؟ 

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا کہ آٹا چینی چور آج بھی عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے ہیں، عوام بہت پہلے جانتے تھےکہ اس ملک میں چینی چورکون ہیں۔

کرپشن کیخلاف نعرے لگانے والے اپنے وزراء کی چوری چھپانے کیلئے مختلف حیلے بہانے تلاش کرتے رہے ہیں،انکوائری رپورٹ نے واضح کردیا کہ اس حکومت کے لانے میں جن سرمایہ داروں کا ہاتھ تھا، جنہوں نے سرمایہ کاری کی، انہیں بدلے میں بہت کچھ دیا گیا۔

پیپلز پارٹی کے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اسکینڈل میں ملوث لوگ بے نقاب ہوچکے اب کس بات کا انتظار ہے،فرازنک رپورٹ کی آڑ میں عمران خان کے پیاروں کو بچایا لیا جائے گا۔ 

دریں اثناء ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومتی ترجمان کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی ترجمان کی پریس کانفرنس ایف آئی آئے کی آٹا اور چینی چوری کے حقائق سے برعکس ہے،حکومتی ترجمان کی رپورٹ الگ ، ایف آئی اے کی رپورٹ الگ ہے ،حقائق مسخ کرنے سے وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کی چوری چھپ نہیں سکتی ۔ 

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے منہ پر کرپشن کی کالک لگ چکی ہے،حکومتی ترجمان اپنے جھوٹ سے دوسروں پر ملنے کی ناکام کوشش نہ کریں۔ 

انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں کا نام لے کر اب عمران صاحب اور بزدار صاحب کی چوری کوئی حکمران نہیں چھپا سکتا ۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب اپنی ہر چوری پکڑے جانے پر آخر کب تک شریف خاندان پر جھوٹے الزامات کے پیچھے چھپتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومتی ترجمان بتاتیں کہ وزیراعظم، وزیراعلی پنجاب کو آج کس وقت ہتھکڑی لگے گی؟۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئرحسین بخاری نے کہا ہے کہ چینی کے بحران پر انکوائری رپورٹ نے وزیرِ اعظم عمران خان کی گڈ گورننس کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

نیر بخاری نے ایک بیان میں انکا کہنا ہے کہ رپورٹ میں وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کو چینی کے بحران کا ذمے دار قرار دیا گیا ہے۔

تازہ ترین