• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹروں کو حفاظتی کٹس فراہم کرنا حکومتی ذمہ داری ہے، سردار کمال بنگلزئی

کوئٹہ(سٹی ڈیسک)ممتازسیاسی و قبائلی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی نے کوئٹہ میں ڈاکٹرز کی ریلی پر پولیس تشدد اور گرفتاریوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل تک صوبائی حکومت ان مسیحائوں کو کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے پر سلامی پیش کررہی تھی اور آج اُن پر ڈنڈے برسارہی ہے جوکہ قابل مذمت عمل ہے۔ ایک بیان میں سابق رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی نے کہا کہ ڈاکٹروں کے جائز مطالبات ہیں کیونکہ اُنہیں اس وباء سے لڑنے کیلئے محفوظ بنانے کی ضرورت ہے اور یہ بات انتہائی تشویشناک ہے کہ بعض ڈاکٹر اور طبی عملہ بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوا ہے جب ڈاکٹر اورطبی عملہ اس سے متاثرہونگے تو ہمارا علاج کون کرے گا؟۔ یہ ایک سوالیہ نشان ہے اُنہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کو صرف کوئٹہ ہی نہیں بلکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی حفاظتی کٹس اور سہولیات فراہم نہیں کی گئیں کئی بڑے بڑے نامی گرامی ہسپتالوں میں تو سینی ٹائزر تک مہیا نہیں کئے گئے۔ کرونا وائرس سے بچائو کیلئے ہمارے ان ہیروز اور مسیحائوں کو حفاظتی کٹس سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جب اس وباء سے ڈاکٹر اور طبی عملہ متاثر ہوگا تو عام لوگوں کا علاج کون کرے گا اگر حکومت نے اس معاملے کو سنجیدگی سے نہ لیا تو ایک ایسا المیہ جنم لے گا اور وہ بھیانک صورتحال ہوگی کہ کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ سوسائٹی کے بعض سنجیدہ حلقوں میں اس صورتحال کو تشویش کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے اس سلسلے میں سنجیدہ حلقوں نے ایک سائیٹ www.relief.pkتشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ملک کے تمام ہسپتالوں کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا اور اس حوالے سے جو سہولیات دی جارہی ہیں انہیں شیئر کیا جائے گا اس سائیٹ کو سوشل میڈیا میں بھی شیئر کیا جائے گا اور ملک کے مخیر حضرات سے اپیل کی جائے گی کہ وہ بھی اس مشکل گھڑی میں آگے آئیں اور ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کریں کیونکہ ہم سمجھے ہیں کہ یہ صرف حکومت کا ہی فرض نہیں بلکہ سوسائٹی کے ہر فرد کا فرض ہے کہ وہ بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔
تازہ ترین