• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا ہاؤسز کو بلاسود قرضے دیئے جائیں، شہبازشریف

مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریفکا حکومت سے مطالبہ


قائدِ حزب اختلاف میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میڈیا ہاؤسز کو بلا سود قرضے دیئے جائیں تاکہ میڈیا ہاؤسز ملازمین کی تنخواہیں ادا کرسکیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف نے حکومت سے میڈیا انڈسٹری کو بلاسود قرضے دینےکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‎دیگر صنعتوں کی طرح اسٹیٹ بینک میڈیا ہاؤسز کے لیے بھی خصوصی اسکیم دے اور ‎حکومت میڈیا ہاؤسز کو بلا سود قرض کی فراہمی میں کردار ادا کرے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے جو اس وقت گرنے کے قریب ہے، حکومت سے مطالبہ ہے کہ میڈیا کے تمام واجبات فی الفور ادا کرے اور میڈیا انڈسٹری کے لیے ریلیف پیکج کا فوری اعلان کرے ۔

شہبازشریف کی جانب سے ‎حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت کےعدم تعاون، پابندیاں عائد کرنے کے سبب ہی میڈیا ہاؤسز دیوالیہ پن کے دہانے پر ہیں جبکہ ‎معاشی بدحالی کی وجہ سے میڈیا ہاؤسز بند ہو رہے ہیں اور 18ماہ میں معیشت کے دیگر شعبوں کی طرح میڈیا بدترین بحران کا شکار ہوچکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ‎حکومت کی جانب سے میڈیا انڈسٹری کو سپورٹ کی اشد ضرورت ہے اور کورونا کے خلاف جنگ میں میڈیا انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ ‎میڈیا ہاؤسز معاشی مشکلات کے باعث میڈیا ورکرز بے روزگار ہو رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ‎جمہوریت آزاد میڈیا کے بغیر نامکمل ہے، میڈیا کو بچانا جمہوریت اور آئین کا تحفظ ہے۔

تازہ ترین