• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کا شکار سلمان احمد اپنا خیال کس طرح رکھ رہے ہیں؟


کورونا وائرس کا شکار پاکستان کے نامور گلوکار اور جنون بینڈ کے بانی سلمان احمد نے اپنے مداحوں کو آگاہ کردیا کہ وہ قرنطینہ میں اپنی صحت کا خیال کس طرح رکھ رہے ہیں۔

گزشتہ روز پاکستا ن کے نامور گلوکار اور جنون بینڈ کے بانی سلمان احمد نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں سلمان احمد نے بتایا کہ وہ کورونا سے لڑنے کے لیے کون کون سی احتیاطی تدابیر کر رہے ہیں۔

سلمان احمد نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’پاکستان میں جو لوگ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ میں قرنطینہ میں اپنا خیال کس طرح رکھ رہا ہوں تو اُن کو میں بتانا چاہوں گا کہ میری اہلیہ ڈاکٹر ثمینہ مجھے روزانہ کلونجی کے 6 دانوں کو گرم پانی میں ڈال کر دیتی ہیں۔‘

گلوکار نے کہا کہ ’میں روزانہ اپنے ہاتھوں کو بار بار دھوتا ہوں اور اِس کے علاوہ وٹامن سی جیسے شہد، لیموں وغیرہ کا استعمال کرتا ہوں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’یہاں نیو یارک میں اسپتال بھرے ہوئے ہیں کہ ماسک کی کمی ہوگئی ہے اِس وجہ سے میری اہلیہ نے میرے لیے ماسک خصوصی طور پر ساؤتھ کوریا سے آرڈر کرکے منگوایا ہے۔‘

سلمان احمد نے اپنے مداحوں سے کہا کہ ’خدانخواستہ اگر آپ کو بھی کورونا کی علامات ظاہر ہورہی ہیں تو آپ کو اِس میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ آپ بھی خود کو میری طرح قر نطینہ کردیں۔‘

گلوکار نے کہا کہ ’آپ 15 دن کے لیے خود کو اپنی فیملی سے الگ کرلیں اور قرنطینہ میں کتابیں پڑھیں ۔‘

آخر میں اُنہوں نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سلمان احمد نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں اِس بات کا اعلان کیا تھاکہ ڈاکٹروں کے مطابق وہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

تازہ ترین