پنجاب میں باردانہ کی تقسیم کےلیے گندم خریداری مراکز پر درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، لاہورمیں درخواستوں کی وصولی کا عمل 19 اپریل تک جاری رہے گا۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور دانش افضال کا کہنا ہے کہ 20 اپریل کو باردانہ کی تقسیم کا اجراء کیا جائے گا،لاہورمیں برکی، کاہنہ، رکھ چھبیل اور رائے ونڈ میں گندم خریداری سینٹرز بنائے گئے ہیں۔
ڈی سی لاہور نے بتایا کہ چاروں سینٹرز پر 26ہزار350 میٹرک ٹن گندم خریداری کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے،کاشتکاروں کے لیے وئٹنگ ایریا، پنکھوں، پانی کے لیے صاف پانی، شیامیانوں اور دیگر کا بندوبست کیا گیا ہے۔
دانش افضال کے مطابق ملازمین کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں، پہلے آئیے اور پہلے پائیے کی پالیسی اختیار کی گئی ہے۔