لاہور(اے پی پی، این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بدھ کے روز قومی احتساب بیورو لاہور کے دفتر پیش نہیں ہوئے اور نیب حکام کو مطلع کرتے ہوئے کورونا وائرس کے باعث نیب لاہور کے روبرو پیش ہونے سے معذرت کر لی۔ جس پرقومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے بھیجے گئے جواب پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں 4؍مئی کو دوبارہ ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔دوسری جانب ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف مکمل معلومات دےچکے،نیب ویڈیو کانفرسنگ کرلے، لیگی صدرکینسر سرجری سے گزر چکے ، قوت مدافعت کم ہے ،زندگی خطرے میں نہ ڈالی جائے۔تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ قانون سب کے لئے سب برابر ہے لہٰذا ذاتی حیثیت میں تفتیشی ٹیم کے روبرو پیش ہو کر مطلوبہ معلومات فراہم کی جائیں۔