• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویانا میں ’مڈل پاورز‘ کے کردار پر سیمینار: حنا ربانی کھر کا اقوامِ متحدہ کی ناکامیوں پر اظہارِ تشویش

تصاویر بشکریہ رپورٹر
تصاویر بشکریہ رپورٹر

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن قومی اسمبلی حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بڑی طاقتوں کے درمیان مقابلہ عالمی نظام میں مؤثر کثیرالجہتی کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

پاکستان سفارت خانہ ویانا اور ویانا اسکول آف انٹرنیشنل اسٹڈیز (ڈپلومیٹک اکیڈمی آف ویانا) کے اشتراک سے ’عالمی سیاسی نظام میں مڈل پاورز کے لیے مواقع اور چیلنجز‘ کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد ویانا میں کیا گیا۔

حنا ربانی کھر نے اپنے خطاب میں عالمی مسائل کے حل کے لیے کثیرالجہتی نظام کی اہمیت پر زور دیا اور انہوں نے اقوامِ متحدہ کی غیر فعالیت کو جنوبی ایشیاء، مشرق وسطیٰ اور مشرقی یورپ میں جاری تنازعات کے پس منظر میں تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے عالمی برادری کو متنبہ کیا کہ بعض ریاستوں کی جانب سے علاقائی خود مختاری کی خلاف ورزی کو معمول بنانا عالمی امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ بن سکتا ہے۔

اس موقع سفیر پاکستان کامران اختر نے اپنے خطاب میں عالمی کثیرالجہتی نظام کی حمایت پر پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور اقوامِ متحدہ کی فلسطین اور جموں و کشمیر جیسے دیرینہ مسائل کے حل میں ناکامی کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور مؤثر اقوام متحدہ ہی عالمی امن و سلامتی کی ضامن ہو سکتی ہے۔

تمام مقررین نے خضدار میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا کسی طور جائز نہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید