• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اوسلو میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر اسرائیل کے خلاف اور فلسطین و غزہ کے نہتے مظلوموں کے حق میں ناروے کی تنظیموں ایس این پی تحریک کشمیر ناروے اور فلسطینى تنظیم کی قیادت میں پُرامن مظاہرہ کیا گیا۔

اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطینی مسلمانوں پر ظلم و جبر، معصوم اور بے گناہ بچوں اور عورتوں کی بمباری کے نتیجے میں شہادت کی شدید اور پُرزور مذمت کرتے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ ہم اسرائیل کے اس ظالمانہ اور بزدلانہ فعل کی ہر فورم اور ہر پلیٹ فارم پر مذمت کرتے رہیں گے، ہم ناروے حکومت سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ غزہ اور فلسطین میں ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف اپنا کردار ادا کرے اور ہماری ظلم کے خلاف اٹھنے والی آواز میں ہمارا ساتھ دے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں اس ظلم کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ ہمدردی اور اظہار یکجہتی کر رہے ہیں، یہ ظلم و خون ریزی اس وقت دوبارہ تیز ہوئی جب نیتن یاہو نے جنگ بندی کے معاہدے سے منحرف ہو کر وحشیانہ بمباری کا آغاز کیا، پوری دنیا کی آنکھوں کے سامنے یہ مظالم جاری ہیں، مگر عالمی برادری کی خاموشی اور بےحسی نے فلسطینیوں کو مزید تنہا کر دیا۔

مقررین نے کہا کہ اس دوران قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں پر درجنوں فضائی حملے کیے، جبکہ مارچ کے آغاز سے بنیادی غذائی اشیاء کی ترسیل روک دینے کے باعث شدید قحط کی صورتحال نے مزید خوفناک شکل اختیار کر لی، اسپتال زخمیوں سے بھر چکے ہیں۔ ادویات، ایندھن اور طبی سہولیات کی قلت نے اسپتالوں کو موت کا خاموش گواہ بنادیا ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید