• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانا محمد قاسم نے پہلگام واقعے کو انتخابی فائدے کیلئے رچایا گیا بھارتی خود ساختہ ڈرامہ قرار دیدیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

کشمیر پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین رانا محمد قاسم نون کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعہ بھارت کا خود ساختہ ڈرامہ ہے جس کا مقصد انتخابی فائدہ اٹھانا تھا۔ مودی نے متاثرین سے ہمدردی کی بجائے انتخابی مہم جاری رکھی، جو اس کی بےحسی کا ثبوت ہے۔ 

بریڈفورڈ میں قائم پاکستانی قونصلیٹ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کی پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی رانا محمد قاسم نون، اراکین قومی اسمبلی ملک انور تاج، سید جاوید علی شاہ جیلانی نے شرکت کی۔ 

رانا محمد قاسم نون نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس ملک کے نام میں کشمیر شامل ہو، اُس سے بڑی کمٹمنٹ کی اور کیا مثال دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دورۂ برطانیہ کے دوران برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ سے تفصیلی ملاقاتوں میں بھارت کے زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو مؤثر انداز میں اُجاگر کیا گیا ہے۔

رانا نون نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان نے کشمیر کے لیے جنگیں بھی لڑی ہیں اور سفارتی محاذ پر بھی مکمل حمایت جاری رکھی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور عالمی برادری کو اس پر بھارت کو جوابدہ بنانا ہوگا۔ پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دیا ہے، اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس مسئلے کا حل خطے میں پائیدار امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔

اس سے قبل کشمیر کی پارلیمانی کمیٹی کے وفد کا بریڈفورڈ قونصلیٹ میں قونصل جنرل بریڈفورڈ زاہد احمد جتوئی نے پرتپاک استقبال کیا اور اپنے استقبالی کلمات میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور پوری قوم اس کاز پر متحد ہے۔

تقریب کے دوران شرکاء نے پاکستان کی مسلح افواج اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

آخر میں مقررین نے کشمیری کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور دنیا بھر میں پاکستان اور کشمیر کے سفیر کے طور پر اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید