لاہور(این این آئی )مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہماری جماعت نے نے آٹا ،چینی اسیکنڈل کے تحقیقاتی کمیشن میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
شاہد خاقان عباسی اور خرم دستگیر خان کمیشن میں پیش ہو کر اصل کرداروں کو بے نقاب کریں گے‘ وزیراعظم عمران خان کے دماغ میں موجود کنفیوژن کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان ہونے کا خطرہ ہے۔
ملک ٹیلی تھون سے نہیں چلتے بلکہ مربوط اور مضبوط معاشی وانتظامی حکمت عملی درکار ہے، حکومتی سطح پر واضح حکمت عملی کا فقدان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں حافظ نعمان سمیت دیگر پارٹی رہنمائوں کو مبارک دیتا ہوں جو عقوبت خانوں سے رہا ہوئے، یہ بریت اور دیگر رہنمائوں کی ضمانتیں نیب نیازی گٹھ جوڑ کے جھوٹ اور سیاسی انتقام کا واضح ثبوت ہیں‘جھوٹ، فریب اور سیاسی انتقام اپنی موت آپ مررہا ہے ۔