امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مزید 50 فیصد ٹیرف کی دھمکی پر چین کا سخت ردعمل سامنے آ گیا۔
ترجمان چینی وزارتِ تجارت نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا اپنی ضد پر قائم رہا تو چین آخر تک لڑے گا، امریکا کے اس طرح کے اقدامات کبھی قبول نہیں کریں گے۔
چینی ترجمان نے کہا ہے امریکا کی جانب سے لگائے جانے والے نام نہاد ٹیرف بلاجواز ہیں، جنہیں چین سختی سے مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے امریکی رویے کو بلیک میلنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین ایسے کسی بھی دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائے گا، ٹرمپ کی دھمکی نے امریکا کے بلیک میلنگ رویے کو ایک بار پھر بے نقاب کر دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ امریکا ٹیرف بڑھاتا رہا تو چین اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے سخت جوابی اقدامات کرے گا۔
ترجمان چینی وزارتِ تجارت کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات چاہتے ہیں، تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا اور تحفظ پسندی کسی مسئلے کا حل نہیں، لہٰذا امریکا فوری طور پر یکطرفہ اقدامات واپس لے اور چین سے برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر مذاکرات کرے۔