مُؤلّف : علّامہ عبدالستّار عاصم
صفحات198:،قیمت: 1500روپے
ناشر : قلم فائونڈیشن انٹرنیشنل، یثرب کالونی بینک اسٹاپ، والٹن روڈ، لاہور۔
’’توبہ‘‘ گناہوں کا کفّارہ اور اعترافِ بندگی کا مظہر ہے۔ ’’دَرِتوبہ‘‘ ہر لمحہ کُھلا ہے،یہ کتاب کا بنیادی موضوع ہے، جس میں مُؤلّف نے ’’توبہ‘‘ کے معنی و مفہوم، فضیلت و اہمیت، شرائط و آداب بیان کرنے کے علاوہ قرآن و سنّت، اقوالِ صحابہؓ، تابعینؒ مشہور اولیائےکرامؒ، صوفیائے عظامؒ کے فرامین ’’توبہ‘‘ کے متعلق بیان کیے ہیں۔ سچّی توبہ کے انعامات، اور سچّی توبہ کے عبرت و نصیحت پر مبنی واقعات بھی کتاب کا اہم حصّہ ہیں۔ ’’توبۃ ُالنّصوح‘‘ یعنی سچّی توبہ کے ایمان افروز واقعات اس حقیقت کا مظہر ہیں کہ اللہ ربّ العزّت، ہمارا پروردگار، رحمٰن و رحیم بندوں کی توبہ پر اُن سے راضی ہوتا ہے اور گناہوں کی مغفرت بھی فرماتا ہے۔
اسے بندوں کی ندامت اور توبہ انتہائی محبوب ہے، اس کا دامانِ رحمت اور بابِ توبہ ہر لمحہ کشادہ اور کُھلا ہے کہ بندہ کب اپنی خطائوں، غلطیوں اور گناہوں پر نادم ہوکر اُس کے حضور سجدہ ریز اور توبہ کا خواست گار ہو اور وہ ربِّ کریم اُسے معاف فرما دے۔ کتاب کے مضامین و موضوعات بنیادی طور پر ’’توبہ‘‘ کی شرائط و آداب اور اس کی عظمت و اہمیت پر مشتمل ہیں۔ آخر میں اختتامیےکے طور پر توبہ کے طلبہ کے لیے قرآن و سنّت اور اسلامی شریعت کی روشنی میں بعض اہم رہنما اصول بیان کیے گئے ہیں، جن سے اس سلسلے میں بَھرپور رہنمائی ملتی ہے۔ کتاب اشاعتی سلیقے اور عُمدہ اسلوب میں شایع کی گئی ہے۔