• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غذائیت سے بھرپور دہی میں قدرت نے بے شمار طبی فوائد رکھے ہیں، دہی کے استعمال سے انسان کی مجموعی صحت سمیت خوبصورتی پر بھی پر مثبت اثرات آتے ہیں جبکہ متعدد بیماریوں سے نجات ملتی ہے۔

ماہرین غذائیت کے مطابق دہی کیلشیم سے بھرپور ایک مکمل غذا ہے، اس میں وٹامن بی 2 ، بی 12، پوٹاشیم ، میگنیشیم منرلز بھی پائے جاتے ہیں جو کہ انسانی صحت میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، روزانہ کی غذا میں اس کا استعمال لازمی کرنا چاہیئے ۔

دہی کے طبی فوائد :

نظام ہاضمہ کوصحت مند بناتا ہے

دہی کے استعمال سے نظام ہاضمہ کو درست کام کرنے میں مدد ملتی ہے، اس میں موجود پروبائیوٹک اور گُڈ بیکٹیریا کے سبب غذا آسانی سے ہضم ہوتی ہے جبکہ میٹابالزم لیول بھی متوازن رہتا ہے، پیٹ کی متعدد بیماریوں میں دہی کا استعمال مفید ہے ۔

قوت مدافعت بڑھاتا ہے

انسانی جسم میں موجود بیماریوں سے لڑنے والا ’امیون سسٹم ‘ دہی کے استعمال سے مضبوط ہوتا ہے ، دہی میں موجود گُڈ بیکٹیریا ز صحت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور کسی بھی بیماری کے حملے کے نتیجے میں اس سے لڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

دانتوں اور ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے

دہی کا استعمال بچوں ، بڑوں بوڑھوں کے لیے نہایت ضروری ہے، اس میں کیلشیم کی وافر مقدار پائے جانے کے سبب ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں، 30 سال کی عمر کے بعد خواتین کو اس کا استعمال روزانہ کی بنیاد پر کرنا چاہیے۔

وزن میں کمی لاتا ہے

دہی کے استعمال سے میٹابالزم تیز ہوتا ہے، قبض کی شکایت دور ہوتی ہے، روزانہ ایک پیالی کے استعمال سے وزن میں کمی آتی ہے۔

دہی اسکن کیلئے مفید

دہی کا استعمال خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے اسکن کو خوبصورت اور چمکدار بناتا ہے۔

جلد کی خوبصورتی آپ کے معدے کی صحت کے ساتھ جڑی ہوتی ہے، اچھی غذا آپ کی جلد پر مثبت اثرات مرتب کرنے کے ساتھ اسے جلدی بوڑھا ہونے سے بچاتی ہے، روزانہ کی بنیاد پر دہی کے استعمال سے چہرے کی رنگت کھل اٹھتی ہے اور جلد چمکدار ، بے داغ نظر آتی ہے ۔

غذا کے علاوہ خوبصورتی میں اضافے کے لیے اس کا ماسک بنا کر بھی لگایا جا سکتا ہے ، 4 چمچ دہی میں چند قطرے سرکہ یا لیموں شامل کر کے چہرے پر لگانے سے جلد پر موجود ڈیڈ اسکن ختم ہو جاتی ہے، داغ دھبے صاف ہوتے ہیں اور چہرے پر تازگی آتی ہے ۔

جھڑیوں ، بد نما داغ دھبوں سے نجات دلاتا ہے

سادہ دہی سے چہرے پر ہلکے ہاتھوں سے مساج کرنے کے نتیجے میں جھریوں کا خاتمہ ہوتا ہے، جلد قدرتی طور پر موسچرائز ہو جاتی ہے، دہی سے کلینزنگ کرنے کے عمل کو معمول بنا لیا جائے تو اس سے داغ دھبے بھی صاف ہو جاتے ہے ۔

خشکی سے نجات دلاتا ہے

دہی میں موجود ’اینٹی فنگل‘ خصوصیات کے سبب اس کے استعمال سے ضدی سے ضدی خشکی سے بھی نجات ملتی ہے۔

6 چمچ دہی لیں اب اس میں 1 چمچ کھوپرے کا تیل ڈالیں، چند قطرے لیموں ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں ، اب اس پیسٹ کو انگلیوں کے پوروں کی مدد سے بالوں کی جڑوں میں مساج کریں، ہفتے میں دو بار یہ عمل دہرانے سے سر کی جلد سے فنگس کا خاتمہ ہو جاتا ہے اور خشکی کی شکایت بھی دور ہوتی ہے ۔

تازہ ترین