دنیا کی سب سے زیادہ کمانے والی مشہور شوبز شخصیت نے 2024ء میں 600 ملین ڈالرز کمائے، حالانکہ انہیں انتقال کیے ہوئے 16 سال ہو چکے ہیں۔
انہوں نے بعد از مرگ یہ کمائی کرکے معروف شوبز شخصیات ٹیلر سوئفٹ، ٹام کروز، شاہ رخ خان اور ریحانہ کے علاوہ انتقال کے بعد زیادہ آمدنی کرنے والی شوبز شخصیات کو بھی آمدنی کے معاملے میں پیچھے چھوڑ دیا۔
شوبز کی دنیا میں بہت پیسہ ہے، آج کی سب سے امیر مشہور شوبز شخصیات ارب پتی ہیں، جن میں سے کچھ اپنی بے پناہ دولت سے بڑے کاروباری ٹائیکونز کا مقابلہ کرتی ہیں۔
یہ چوٹی کی مشہور شخصیات ہر سال اپنی فلموں، موسیقی، اشتہارات اور کاروباری سرمایہ کاری کے ذریعے کروڑوں ڈالرز کماتی ہیں لیکن ان سب میں سب سے زیادہ کمانے والی شخصیت 2009ء میں انتقال کر چکی ہے اور وہ اب بھی سالانہ 600 ملین ڈالرز کما رہی ہے؟
فوربز نے حال ہی میں دنیا کی سب سے زیادہ کمانے والی انتقال کر جانے والی مشہور شخصیات کی اپنی سالانہ فہرست جاری کی ہے۔
2024ء کی فہرست میں ایک بار پھر مائیکل جیکسن سرِ فہرست رہے، پاپ آئیکون جن کا انتقال 2009ء میں 50 سال کی عمر میں ہوا تھا، اپنی موسیقی کی مسلسل فروخت کے ذریعے ہر سال لاکھوں ڈالرز کماتے رہے ہیں لیکن 2024ء تو مائیکل جیکسن کے معیار کے لحاظ سے بھی ایک بہت بڑی کامیابی تھی۔
گزشتہ برس مائیکل جیکسن نے 600 ملین ڈالرز کمائے، یہ کمائی اسٹریمنگ، لائسنسنگ ڈیلز، زیادہ تر ان کی موسیقی پر بننے والی بائیوپک (biopic) - ایم جے (MJ) کے حقوق کی فروخت سے آئی ہے۔
اس آمدنی نے مائیکل جیکسن کو دیگر بعد از انتقال زیادہ کمانے والی مشہور شخصیات فریڈی مرکری (2024ء میں 250 ملین ڈالرز کی کمائی)، ڈاکٹر سیوس (75 ملین ڈالرز) اور ایلوس پریسلے (50 ملین ڈالرز) سے آگے رہنے میں مدد دی ہے۔