• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائیکل چلانا ڈیمینشیا کے مرض میں کمی کا مؤثر طریقہ ہو سکتا ہے، نئی تحقیق

فوٹو انٹرنیشنل میڈیا
فوٹو انٹرنیشنل میڈیا

ایک نئی تحقیق کے مطابق سائیکل چلانا ڈیمینشیا (یادداشت میں کمی) کے مرض میں کمی کا ایک مؤثر طریقہ ہو سکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق باقاعدگی سے آمد و رفت کے لیے سائیکلنگ کرنے سے ڈیمینشیا کا خطرہ 19 فیصد اور الزائمر کا خطرہ 22 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔

محققین نے یہ بھی نوٹ کیا کہ سائیکلنگ ممکنہ طور پر دماغ کے ایک حصے ’ہپوکیمپس‘ کے سائز میں اضافہ کر سکتی ہے، جو یادداشت کے لیے اہم ہے۔

ماہرین نے تحقیق کے نتائج کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ سائیکلنگ ایک درمیانی سے زیادہ شدت والی ورزش ہے اور اس کے لیے توازن کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔

نارتھ ویل ہیلتھ (نیویارک) کے ڈاکٹر لیرون سنوانی، ڈائریکٹر آف جیریاٹرک سروسز کا کہنا ہے کہ یہ چہل قدمی سے زیادہ پیچیدہ دماغی کارکردگی کا مطالبہ کرتی ہے، اسی لیے شاید یہ ڈیمینشیا کے خطرے کو کم کرنے میں زیادہ مؤثر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف ورزش کو معمول کا حصہ بنانے کی بات نہیں، بلکہ اپنے طرزِ زندگی پر غور کرنے کی بات ہے۔ اس لیے گاڑی چلانے کے بجائے سائیکل چلانا اور فعال سفر کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا بے حد اہم ہے۔

اس مطالعے میں محققین نے یوکے بائیو بینک کے تقریباً 4 لاکھ 80 ہزار شرکاء کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا، جو برطانیہ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز میں رہنے والے افراد کی طویل مدتی صحت کا مطالعہ ہے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ وہ لوگ جو سائیکل چلاتے تھے یا پیدل چلنے، ڈرائیونگ کرنے یا پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کے ساتھ سائیکلنگ کو بھی شامل کرتے تھے، ان میں ڈیمینشیا اور الزائمر کا خطرہ کم تھا۔

تاہم تحقیق کے مطابق سائیکلنگ کے یہ فوائد زیادہ تر ان افراد پر لاگو ہوتے ہیں جنہیں الزائمر کے لیے جینیاتی خطرہ نہیں ہوتا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ نتائج نے یہ بھی ظاہر کیا کہ کار ڈرائیونگ، بس یا سب وے کے مقابلے میں دماغی صحت کے لیے بہتر ہو سکتی ہے۔

البتہ محققین نے یہ واضح کیا کہ یہ مشاہداتی مطالعہ ہے اور اس سے سائیکلنگ اور دماغی صحت مند بڑھاپے کے درمیان براہِ راست تعلق ثابت نہیں ہوتا۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید