• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا پاکستان میں امریکی سفیر کو جوابی خط


مسلم لیگ نون کے صدراور قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان میں امریکی سفیر پال جونز کو جوابی خط لکھا ہے۔

شہباز شریف نے امریکی سفیر کو خط میں لکھا ہے کہ رمضان المبارک کی مبارک باد پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ مہینہ صبر، خیر سگالی اور سخاوت کے اوصاف کو فروغ دیتا ہے۔

انہوں نے خط میں کہا کہ پاک امریکا دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے میں آپ کے قابلِ قدر مثبت کردار کو سراہتے ہیں، کورونا وائرس کی وباء کے خلاف مشترکہ جنگ میں امریکی تعاون قابلِ تحسین ہے۔

شہباز شریف نے اپنے خط میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے پیشِ نظر صحت کے بحران کے علاوہ امریکا سے طویل المدتی معاشی تعاون کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے امریکی سفیر کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ یہ نہایت ضروری ہے کہ دونوں ممالک بہتر مستقبل کے لے مل کر کام کرتے رہیں۔

مسلم لیگ نون کے صدر کا اپنے خط میں مزید کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے میں بھرپور امریکی مدد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

شہباز شریف کا امریکی سفیر کو خط میں یہ بھی کہنا ہے کہ پاک امریکا فعال اور متحرک دو طرفہ تعلقات استوار ہیں جن کا ثبوت حالیہ بحران میں تعاون ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی ناظم الامور سفیر پال ڈبلیو جونز کی جانب سے شہبازشریف کو خط ارسال کیا گیا تھا جس میں رمضان المبارک کی مبارک باد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: ڈیل کے تحت گیا نہ واپس آیا، شہباز شریف

سفیر پال ڈبلیو جونز نے خط میں کہا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے نمٹنے کے لیے اشتراک عمل پر بات کی ہے، معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے شراکت داری اور تیزی سے کوششیں کر رہے ہیں، جبکہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پاکستان سے صحت کے شعبے میں وسیع تعاون جاری ہے۔

انہوں نے خط میں تحریر کیا تھا کہ امریکا نے 50 لاکھ امریکی ڈالر کی مدد احساس ایمرجنسی پروگرام میں دی ہے، یہ امداد 70 ہزار خاندانوں کو خوراک اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے فراہم کی گئی ہے، غذائیت کی کمی کا شکار بچوں کے لیے امریکا نے 336 میٹرک ٹن خوراک فراہم کی ہے، کورونا وائرس کے خلاف مشترکہ جنگ کے لیےامریکا نے 15 ملین ڈالر نئی فنڈنگ کا وعدہ کیا ہے۔

امریکی سفیر پال جونز نے یہ بھی کہا تھا کہ کہ فوری ضروریات پوری کرنے کی خاطر اضافی امداد کی فراہمی کے لیے پاکستانی حکام سے مل کر کام کر رہے ہیں، ان مشکل حالات میں پاکستانیوں کی طرف سے خیرسگالی اور مدد کے اظہار پر شکر گزار ہیں، مشکل حالات سے متاثر ہونے والے پاکستانیوں کے لیے نیک تمناؤں اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہیں، ہم مشترکہ کوششوں سے ہی کورونا کو شکست دیں گے اور اپنی خوشحالی و آزادی کا تحفظ کریں گے۔

تازہ ترین