• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر مملکت نے 10واں قومی مالیاتی کمیشن تشکیل دیدیا

صدر مملکت نے 10واں قومی مالیاتی کمیشن تشکیل دیدیا


صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 10واں قومی مالیاتی کمیشن تشکیل دے دیا، وزیر خزانہ کی حیثیت سے وزیراعظم عمران خان کمیشن کے چیئرمین ہوں گے۔

قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ کمیشن کے ممبرز ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب سے سابق گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ جبکہ سندھ سے ڈاکٹر اسد سعید قومی مالیاتی کمیشن کے ممبر ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا سے مشرف رسول اور بلوچستان سے جاوید جبار قومی مالیاتی کمیشن کے ممبر ہوں گے جبکہ وفاقی سیکرٹری خزانہ سرکاری طور پر ماہر کی حیثیت سے کمیشن کا حصہ ہوں گے۔

قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل 23 اپریل 2020 سے موثر ہوگی۔

قومی مالیاتی کمیشن کے ٹی او آرز

وزارت خزانہ نے این ایف سی کمیشن کے ٹی او آرز طے کردیے ہیں، کمیشن ایوارڈ کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم پر مذاکرات کرے گا، سیلز ٹیکس اور گرانٹس کی تقسیم پر غور کرے گا۔

قومی مالیاتی کمیشن اشیاء پر سیلز ٹیکس، کپاس کی ایکسپورٹ ڈیوٹیز، ایکسائز ڈیوٹیز یا دیگر ٹیکسز کی تقسیم کا طریقہ کار طے کرے گا۔

کمیشن آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، فاٹا اور ضم شدہ علاقوں، سیکیورٹی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اخراجات پورا کرنے کے لیے وسائل کی فراہمی کا طریقہ کار بھی طے کرے گا۔

کمیشن قومی قرضوں کا تخمینہ اور اس کی ادائیگی کا طریقہ کار طے کرے گا کمیشن سبسڈیز کا جائزہ لے گا اور سرکاری اداروں کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے تجاویز دے گا۔

تازہ ترین