• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپیل ہے لاک ڈاؤن میں نرمی کا غلط فائدہ نہ اٹھائیں، اجمل وزیر


مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کا کہنا ہے عوام اور تاجر برادری سے اپیل ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا غلط فائدہ نہ اٹھائیں۔

اجمل وزیر نے اپنے ایک بیان میں کورونا وائرس سے متعلق صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب پہلے سے زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے، لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ کورونا کا خطرہ ٹل چکا ہے۔

اجمل وزیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمود خان خود محکمہ سیاحت کو دیکھ رہے ہیں، سیاحتی مقامات کھولنے کے لیے ایس او پیز کو حتمی شکل دی گئی ہے، سیاحت کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں واضح کمی لائی گئی، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مختلف روٹس کے لیے نیا کرایہ نامہ جاری کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں صوبائی کابینہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہی ہے، وزیراعلیٰ محمود خان ایس او پیز پر عملدر آمد سے متعلق خود صورتحال کی نگرانی کررہے ہیں۔

اجمل وزیر نے کہا ہے کہ قومی رابطہ کمیٹی میں صوبوں اور وزیراعظم آزاد کشمیر سے مشاورت کی جاتی ہے، تاریخ میں پہلی بار یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کے لیے احساس پروگرام لا یا گیا۔

اجمل وزیر نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ قربانیاں دے رہا ہے یہ ضرور رنگ لائیں گی، پوری قوم طبی عملے، پاک فوج، پولیس اور تمام فرنٹ لائنرز کو سیلوٹ کرتی ہے۔

اجمل وزیر نے صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے متعلق صورتحال سےمتعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 171 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 5423 ہوگئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 اموات بھی ریکارڈ ہوئیں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں اموات کی کل تعداد 284 ہوگئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں ایک دن میں 113 کورونا مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ صوبے میں کورونا کو شکست دینے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 1505 ہو گئی ہے۔

تازہ ترین