نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے نیشنل اسپتال بشکیک کا دورہ کیا اور اسپتال میں زیرعلاج پاکستانی ٹیکسٹائل ورکر شاہ زیب سے ملاقات کی اور خیریت دریافت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شاہ زیب بشکیک میں حالیہ تشدد کے واقعات کے دوران زخمی ہوئے تھے۔
ملاقات کے دوران شاہ زیب نے پاکستان واپسی کی خواہش کا اظہار کیا، نائب وزیراعظم کی درخواست پر کرغز حکام نے شاہ زیب کو اسپتال سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا۔
ترجمان کے مطابق شاہ زیب نائب وزیراعظم کے ساتھ خصوصی طیارے پر پاکستان آئیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کرغزستان کے ڈپٹی چیئرمین کیبنٹ آف منسٹرز سے بھی ملاقات کی۔
نائب وزیراعظم ڈار نے کرغزستان میں مقیم پاکستانی ٹیکسٹائل ورکرز کی فلاح و بہبود سے متعلق امور کو اٹھایا، کرغز رہنما نے ویزا کی حیثیت سے متعلق مسائل کا جلد حل تلاش کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔