کراچی (اسٹاف رپورٹر) منگھو پیر کے علاقے میں گزشتہ شب قتل ہونے والے نوجوان کا قاتل اسکا سگا بھائی نکلا،پولیس نے ملزم کو گرفتارکرلیا۔تفصیلات کے مطابق منگھو پیر تھانے کی حدود محمد خان کالونی میں اتوار کی شب ایک نوجوان کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا جہاں دوران علاج وہ چل بسا تھا،مقتول کو چھری کے وار کر کے قتل کیا گیا تھا،مقتول کی شناخت17سالہ محمد علی کے نام سے ہوئی تھی،مقتول کے ورثاء نے ابتدائی طور پر پولیس کو بتایا تھا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا ہےتاہم ایس ایچ او گل محمد اعوان کے مطابق پولیس جب مقتول کے گھر گئی تو بھائی کے قتل ہونے کے باوجود وہ نوکری پر گیا ہوا تھا جس پر پولیس کو شک ہوا ،پولیس نے گھر کی تلاشی لی تو ایک چٹائی ملی جس پر خون کے نشان تھے جبکہ باقی فرش کو گھر والوں نے دھو دیا تھا،ایس ایچ او کے مطابق گھر والوں نے بتایا کہ مقتول زخمی ہونے کے بعد موٹر سائیکل پر ہی گھر آیا تھا تاہم پولیس کو موٹر سائیکل سے بھی خون کے نشانات نہیں ملے،پولیس مقتول کے بھائی کی فیکٹری میں پہنچی جہاں وہ سیکورٹی گارڈ ہے ،پولیس نے ملزم سے تفتیش کی تو اس نے انکشاف کیا کہ معمولی تلخ کلامی کے بعد اس نے اپنے بھائی کو سینے میں چھری مار کر قتل کیا ہے، پولیس کے مطابق ملزم کا نام عمر ہے اور اس نے گھر میں سب کو دھمکی دی تھی کہ واقعہ کا اگر کسی کو بتایا تو وہ سب گھر والوں کو مار دے گا،پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل بھی برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔