• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالت بہتر ہے، ہاتھ اور ٹانگیں جھلسی ہیں، حادثے کا شکار طیارے کا مسافر محمد زبیر

حالت بہتر ہے ، ہاتھ اور ٹانگیں جھلسی ہیں، حادثے کے شکار طیارے کا مسافر محمد زبیر


لاہور سے کراچی آنے والی قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز حادثے کا شکار ہوئی ہے، اس حادثے میں محفوظ رہ جانے والے مسافر محمد زبیر کا کہنا ہے کہ میری حالت بہتر ہے، ہاتھ اور ٹانگیں جھلسی ہوئی ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ پرواز ایک بجے لاہور سے چلی سب کچھ معمول کے مطابق تھا، کراچی میں اعلان کیا گیا کہ ہم ایئرپورٹ پر لینڈ کررہے ہیں۔

مسافر زبیر نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران جہاز کو جھٹکا لگا، لینڈنگ کے دوران پائلٹ نے دوبارہ جہاز اوپر اڑایا، بیس سے پندرہ منٹ طیارہ پرواز کرتا رہا، جہاز کے حادثے کے بعد جب میری آنکھ کھلی تو دس فٹ اونچی جگہ سے میں نے چھلانگ لگائی۔

انہوں نے بتایا کہ دس سے پندرہ منٹ بعد پائلٹ نے دوبارہ اعلان کیا کہ میں لینڈنگ کررہا ہوں، جب پائلٹ نے دوبارہ لینڈنگ کا اعلان کیا تو دو سے تین منٹ بعد جہاز کریش کرگیا۔

محمد زبیر نے کہا کہ دوبارہ بھی صحیح طریقے سے لینڈنگ کرنے کا کہا گیا لیکن جہاز کریش کرگیا۔

محمد زبیر نے کہا کہ آخر تک ہمیں یہ لگتا رہا کہ جہاز معمول کی لینڈنگ کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاز کریش کرنے کے بعد شاید سب سے پہلا شخص میں ہی تھا جو ملبے سے نکلا، جب میں ہوش میں آیا تو چیخ و پکار تو سنی لیکن کوئی شخص نظر نہیں آیا۔

محمد زبیر نے کہا کہ میں جہاز میں ایف ایٹ نشست پر کھڑکی کے ساتھ بیٹھا تھا، جب ہوش آیا تو آگ ہی آگ نظر آرہی تھی کوئی بندہ نظر نہیں آیا تھا۔

تازہ ترین