• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردی کے نام پر مسلمان ممالک کو ہی دہشتگردی کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے،فضل الرحمٰن خلیل

اسلام آباد (نیو زرپورٹر) سربراہ انصار الامہ پاکستان و سیکرٹری جنرل مشائخ و علماءکونسل پاکستان مولانا فضل الرحمٰن خلیل نے کہا ہےکہ کشمیر و فلسطین میں بے دردی کے ساتھ مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔افغانستان سے لے کر شام تک امت محمدیہ لہولہان ہے۔ اغیار نے مسلمان ممالک کے بیچ بڑھتی باہمی عداوت ، انتہاپسندی اور فرقہ وارانہ رجحانات سے فائدہ اٹھا کر انہیں مزید کمزور کیا ہے۔دہشت گردی کے نام پر مسلمان ممالک کو ہی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔اب باطل قوتوں نے حرمین شریفین کے امن و سکون کو تہہ و بالا کرنے کا پروگرام بنا رکھاہے۔ لہٰذا وقت آ چکا ہے کہ امت مسلمہ اور خصوصا اسلامیان پاکستان اپنی قوتِ وحدت سے اغیار کی ہر سازش کو ناکام بنا دیں اور یہ عہد کریں کہ حرمین شریفین کے دفاع کا معاملہ ہو یا مسئلہ فلسطین ہو ، ہم اپنے اصولی موقف سے ایک قدم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔فضل الرحمٰن خلیل نے کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کے ماتھے کا جھومر اور کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔اسلام و پاکستان دشمن قوتیں اس جھومر اور شہہ رگ کو کاٹ پھینکنا چاہتی ہیں۔ان مکروہ عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔دشمن فکری و نظریاتی یلغار کرے گا تو علمائے دین کو اپنے مد مقابل پائے گا۔
تازہ ترین